زمبابوے ٹیم کی بہادری اور جذبہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ،صادق محمد

اتوار 31 مئی 2015 13:15

زمبابوے ٹیم کی بہادری اور جذبہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ،صادق ..

لاہور ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی۔2015ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لئے پاکستان آئی ہوئی زمبابوے کی ٹیم کی بہادری اور جذبہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے ،اس نے پوری دنیا کو بتایا دیا ہے کہ دہشت گرد کھیلوں کو شکست نہیں دے سکتے ۔

اتوار کو اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 مئی۔2015ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ زمبابوے ٹیم کی آمد سے کرکٹ کی جیت ہوئی ہے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے سے روکنے والے اور تنقید کرنے والے ناقدین کے منہ بند ہوئے ہیں۔صادق محمد نے کہاکہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے آفیشلز پاکستان نہیں بھیجے لیکن پھر بھی پاکستان میں میچوں کا انعقاد ہوا ۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ آئی سی سی آئندہ میچوں میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اپنے ایمپائرز پاکستان بھیجے گی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پی سی بی کے چیئرمین شہریار اور موجودہ حکومت کا ایک کارنامہ ہے ۔ٹیسٹ کا درجہ رکھنے والی ٹیم کا پاکستان آکر کھیلنا معمولی بات نہیں ہے ۔ صادق محمد نے کہاکہ پاک زمبابوے سیریز کے دوران پاکستان کی بیٹنگ میں بھی بہتری نظر آئی ہے تاہم بولنگ اور فیلڈنگ میں بہتری لانی ہوگی ۔

گراس روٹ سطح پر کھلاڑیوں کی کوچنگ پر زیادہ توجہ دینی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ قذافی سٹیڈیم کی وکٹیں فلیٹ ہیں جس کی وجہ سے بولروں کو بہت کم مدد مل رہی ہے ۔صادق محمد نے کہاکہ میری دعا ہے کہ زمبابوے کے بعد آسٹریلیا ،انگلینڈ ،بھارت ،ویسٹ انڈیز ،نیوزی لینڈ ،ساؤتھ افریقہ اور دنیا کی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں اور ہمارے میدانوں کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں ۔صادق محمد نے کہاکہ پی سی بی کو چاہئے کہ وہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی انٹرنیشنل میچز کا انعقاد کروائے تاکہ وہاں کے شائقین کرکٹ کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ دیکھنے کو ملے ۔