وفاقی حکومت کا بجٹ سے پہلے عوام کیلئے تحفہ ، پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں 3.57 روپے تک اضافہ کردیا ،پٹرول کی قیمت میں ساڑھے تین روپے ، ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 51 پیسے ، ہائی اوکٹین ساڑھے 3 روپے ، تیل مٹی ساڑھے تین روپے ، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا کی سمری پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، وزیراعظم نے تمام بوجھ صارفین کو منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات پر6ارب روپے کی سبسڈی دے گی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس

اتوار 31 مئی 2015 20:25

وفاقی حکومت کا بجٹ سے پہلے عوام کیلئے تحفہ ، پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2015ء) وفاقی حکومت کا بجٹ سے پہلے عوام کیلئے تحفہ ، ماہ جون کیلئے پٹرول کی قیمت میں ساڑھے تین روپے ، ہائی سپیڈ ڈیزل 3 روپے 51 پیسے ، ہائی اوکٹین ساڑھے 3 روپے ، تیل مٹی ساڑھے تین روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ۔ اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا کی سمری پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے تمام بوجھ صارفین کو منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات پر6ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 77 روپے 79 پیسے اور ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 3 روپے 51 پیسے اضافے کے بعد 87 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ ہائی آکٹین کی قیمت 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 83 روپے 81 پیسے اور مٹی کا تیل 3 روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 64 روپے 94 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ماہ جون 2015ء کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرول کی قیمت میں 6.19 روپے ، ہائی اوکٹین سپیڈ ڈیزل 7.91 روپے ، تیل مٹی 6.53 روپے ، ہائی اوکٹین 13.25 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.62 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی ۔