پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی صدارت کیلئے ظہیر عباس کا نام فائنل کر لیا

منگل 2 جون 2015 15:30

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی صدارت کیلئے ظہیر عباس کا نام فائنل ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار2جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نجم سیٹھی کی جانب سے معذرت کے بعد آئی سی سی کی صدارت کے لیے نیا نام فائنل کر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ایشین بریڈمین ظہیر عباس کا نام آئی سی سی کی صدارت کے لیے فائنل کیا ہے اور کرکٹ بورڈ چند گھنٹوں میں آئی سی سی کو انکا نام بھجوادے گا۔ ۔ 67 سالہ ظہیر عباس واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں جنہیں 108 فرسٹ کلاس سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے 78ٹیسٹ اور 62 ون ڈے انٹر نیشنل کھیلنے والے عظیم ظہیر عباس کرکٹ چھوڑنے کے بعد پی آئی اے سپورٹس ڈویژن کے سربراہ رہے۔ انہیں پاکستان ٹیم کے منیجر ، پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ وہ کئی بار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کے لئے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئےلیکن ان کے نام کا قرعہ نہیں نکل سکا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے آئی سی سی کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کر تے ہوئے کسی سابق ٹیسٹ کرکٹر کو اس عہدے کے لیے نامزد کر نیکا مشورہ دیا تھا۔