ہیڈنگلے ٹیسٹ : برینڈن میکولم کی جارحانہ کپتان نے نیوزی لینڈ کو فتح دلوادی

بدھ 3 جون 2015 12:12

ہیڈنگلے ٹیسٹ : برینڈن میکولم کی جارحانہ کپتان نے نیوزی لینڈ کو فتح دلوادی

لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار3جون۔2015ء) ہیڈنگلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 199 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ، بریڈلے جان واٹلنگ کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، الیسٹر کک اور ٹرینٹ بولٹ نے مشترکہ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ وصول کیا ، انگلینڈ دوسری اننگز میں255رنز پر پویلین واپس لوٹ آیا ۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے آخری دن ہینڈنگلے کے کرکٹ گراؤنڈ پر میزبان ٹیم کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرتی رہیں۔

انگلینڈ نے منگل کو آخری دن کھیل کا آغاز بغیر وکٹ گنوائے 44رنز کے ساتھ کیا تاہم ابتدائی سیشن ہی انگلش ٹیم کی پریشانی بڑھانے کیلئے کافی ثابت ہوا جب ایڈم لتھ انفرادی سکور میں مزیدکوئی اضافہ کئے 24رنز پر میدان سے کوچ کر گئے ۔

(جاری ہے)

گیری بیلنس بھی جلدی میں تھے جو محض چھ رنز کا اضافہ کر سکے ۔این بیل کی وکٹ گرنے سے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ، انہیں ایک رن بنانے کی مہلت ملی۔

انگلش ٹیم کا مجموعی سکور 62رنز پر پہنچا تو جو روٹ بھی آؤٹ ہوگئے ۔ انہیں صفر کی خفت اٹھانی پڑی۔ اس دوران کپتان الیسٹر کک نے 56رنز کی اننگز تخلیق کر کے نا صرف اپنے نو ہزار رنز مکمل کئے بلکہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بھی بن گئے ۔ ان کی بین اسٹوکس کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 40رنز کی شراکت قائم ہوئی جو 29رنز بٹورسکے ۔ جو ز بٹلر کی 73رنز کی کاوش نے میزبان ٹیم کو مکمل تباہی سے ضرور بچایا مگر وہ شکست کو نہ ٹال سکے ۔ اسٹوارٹ براڈ نے 23رنز جوڑے ۔مارک کریگ اور کین ولیم سن نے تین، تین وکٹیں لیں۔