خیبر پختونخوا حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ

بدھ 3 جون 2015 16:28

خیبر پختونخوا حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون2015ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ہے۔ پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران اے این پی سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ جب تک موجودہ حکومت اقتدار میں ہے، شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔ اسفند یار ولی نے نگراں سیٹ اپ میں دوبارہ صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویزکے ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مزید مضبوط کیا جائے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں ہفتہ 30 مئی کو بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے، جہاں شہریوں نے 41 ہزار 7 سو 62 کونسلرز کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اے این پی سربراہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'جب پنجاب اسمبلی کی بات آتی ہے تو آپ کہتے ہیں کہ نجم سیٹھی اور نواز شریف ذمہ دار ہیں، اب آپ خود بھی تسلیم کریں کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی ہوئی ہے، لیکن آپ الیکشن کمیشن کو ذمہ دار ٹہرا رہے ہیں'۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پنجاب حکومت ذمہ دار ہے تو یہاں (خیبر پختونخوا میں ) بھی حکومت ہی ذمہ دار ہونی چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ امن وامان کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پرنہیں صوبائی حکومت پرعائد ہوتی ہے۔ اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ چاہے فوج کی نگرانی میں ہی کیوں نہ ہوں لیکن موجودہ حکومت کی موجودگی میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں ہوسکتا۔