زمبابوے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کیلئے بڑا دروازہ کھل چکا، زمبابوے کے خلاف سیریز میں اخراجات تو ہوئے لیکن یہ کرکٹ کے لئے فائدہ مند رہے ، سری لنکا کو دورہ پاکستان کیلئے مجبور نہیں کرسکتے،امید ہے کہ ٹیم جلد دورہ کرے گی،سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر بھی یہاں سے اچھا تاثر لے کر گئے ،پی سی بی چیئرمین شہریار خان کی پریس کانفرنس

آئی سی سی کا صدر کوئی کرکٹر ہونا چاہیے تھا، اگر میں دستبردار نہ ہوتا تو پاکستان کو اس عہدے کیلئے دس سال انتظار کرنا پڑتا پی سی بی گورننگ باڈی کے سربراہ نجم سیٹھی

بدھ 3 جون 2015 18:53

زمبابوے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کیلئے بڑا دروازہ کھل چکا، زمبابوے کے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوین ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کے لیے بڑا دروازہ کھل چکا ہے، سری لنکا کو دورہ پاکستان کے لئے مجبور نہیں کرسکتے تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں اخراجات تو ہوئے لیکن یہ کرکٹ کے لئے فائدہ مند رہے، زمبابوے کا دورہ پاکستان ہر لحاظ سے کامیاب رہا جس سے دوسری ٹیموں کے لئے بھی دروازے کھل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کا پاکستان آنا ہم سب کی کامیابی ہے اور دورے سے نہ صرف کرکٹ بلکہ پاکستان کا فائدہ ہوا ہے جب کہ زمبابوے ٹیم نے بھی کہا کہ پاکستان کا استقبال ہمیشہ یار رہیگا۔چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ زمبابوے ٹیم کا حکومت کے انکار کے باوجود پاکستان آنا بڑا اقدام ہے اور عوام نے بھی حب الوطنی دکھائی جس کی وجہ سے سیریز کا کامیاب انعقاد ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کینیا اور افغانستان کے آنے کے بعد چھوٹا دروازہ کھلا تھا اور اب زمبابوے کے دورے کے بعد بڑا دروازہ کھل گیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سری لنکا کے دورہ پاکستان کے لئے بہت بے تاب ہیں کہ مہمان ٹیم رواں سال ہی پاکستان آئے گی تاہم اس حوالے سے سری لنکن ٹیم پرکوئی دباؤ نہیں ڈالا جارہا اور امید ہے کہ ٹیم جلد دورہ کرے گی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر بھی یہاں سے اچھا تاثر لے کر گئے ہیں۔شہریار خان نے بتایا کہ سری لنکا نے دورہ پاکستان کی حتمی یقین دہانی نہیں کرائی تاہم پاک بھارت سیریز ہندوستانی حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔انہوں نے پاکستانی عوام کو سرہاتے ہوئے کہا کہ شائقین نے مشکلات کے باوجود جس صبر اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔اس موقع پر پی سی بی گورننگ باڈی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا صدر کوئی کرکٹر ہونا چاہیے تھا، اگر میں دستبردار نہ ہوتا تو پاکستان کو اس عہدے کیلئے دس سال انتظار کرنا پڑتا۔