آرمی چیف کاکشمیر بارے بیان قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے ،امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدکابیان

بدھ 3 جون 2015 22:39

آرمی چیف کاکشمیر بارے بیان قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے ،امیر جماعۃالدعوۃ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اس بیان کہ ’’مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ کہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں ‘ جدا نہیں ہو سکتے‘‘ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے اسے قوم کی امنگوں کا ترجمان قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے اس بیان سے پوری کشمیری و پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔آج پاکستانی آرمی چیف نے بھی وہی موقف دہرایا ہے جس پر پاکستانی قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیری ڈیڑھ لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود الحاق پاکستان کا نعرہ بلند کر رہے ہیں اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کے حالیہ بیان سے ان کا عزم و حوصلہ مضبوط ہو گا اور تحریک آزادی کشمیرمزید قوت پکڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی مخالفت سے اس کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر کھل کردنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔حکومت پاکستان راہداری منصوبہ کے خلاف بیان بازی کا سخت نوٹس لے اوربھارتی خفیہ ایجنسی را کی دہشت گردی بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی مہم تیز کرے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں کسی صورت امن قائم نہیں ہو سکتا۔ مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :