فرنچ اوپن ٹینس ، ویمن اور مینز سنگلز کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

جمعرات 4 جون 2015 12:44

فرنچ اوپن ٹینس ، ویمن اور مینز سنگلز کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4جون۔2015ء) فرنچ اوپن کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے ۔ مینز سنگلز میں عالمی نمبر ایک سربین سٹار نوواک جوکووچ اور برطانیہ کے اینڈی مرے نے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جبکہ ویمنز سنگلز میں یہی کارنامہ عالمی نمبر ایک امریکی اسٹار سرینا ولیمز اور سوئٹزر لینڈ کی ٹائمی بیکسنسزکی نے انجام دیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری فرنچ اوپن میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز سنگلز کے کوارٹر فائنلز میں متوقع نتائج برآمد ہوئے ۔ سربیا کے نوواک جوکووچ نے سابق عالمی نمبر ایک اسپینش سٹار رافیل نڈال کا سفر کوارٹر فائنل ہی میں ختم کر دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر گیا جس میں نوواک جوکووچ نے سکستھ سیڈ رافیل نڈال کیخلاف سات، پانچ سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سربین سٹار نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹس چھ، تین اور چھ، ایک سے جیت کر لاسٹ فور رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو اپنے اسپینش حریف ڈیوڈ فیررکیخلاف کامیابی میں سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر گیا جس میں اینڈی مرے نے سات، چھ سے جیت کو گلے لگایا۔

دوسرا سیٹ انہوں نے با آسانی چھ، دو سے جیت لیا۔ دو، صفر کے خسارے کے باوجود ڈیوڈ فیرر ہمت نہیں ہارے انہوں نے تیسرا سیٹ ٹائی بریکر پر پانچ، سات سے جیت کر میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن اینڈی مرے نے چوتھا سیٹ چھ، ایک سے اپنے نام کرکے اسپینش حریف کے سیمی فائنل میں رسائی کے خواب کو چکناچور کر دیا۔ پہلا سیمی فائنلنمبر آٹھ سیڈ سوئٹزر لینڈ کے اسٹینسلاس واورینکا اور فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو ٹاپ سیڈ سربین سٹار نوواک جوکووچ کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔

فرنچ اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز ایونٹ میں کھیلے گئے دونوں کوارٹر فائنلز کا فیصلہ اسٹریٹ سیٹس میں ہوا۔ عالمی نمبر ایک امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے اٹلی کی سارا ایرانی کو چھ، ایک اور چھ، تین سے شکست دے کر لاسٹ فور رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں سوئٹزر لینڈ کی ٹائمی بیکسنسزکی اور بلجیم کی الیسن فان اٹوانک کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا جس میں ٹائمی بیکسنسزکی نے پہلا سیٹ چھ، چار سے اپنے نام کیا جبکہ دوسرے سیٹ میں انہیں ٹائی بریکر پر سات، پانچ سے کامیابی حاصل ہوگئی۔

ویمنز سنگلز کا پہلا سیمی فائنل سیونتھ سیڈ سربین اسٹار اینا ایوانووچ اور جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں امریکا کی سرینا ولیمز سوئس حریف ٹائمی بیکسنسزکی کے مقابل ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :