پیپلز پارٹی نجکاری کے خلاف ہے واپڈا کی نجکاری قبول نہیں، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

جمعرات 4 جون 2015 12:54

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) پیپلز پارٹی کی ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نجکاری کے خلاف ہے واپڈا کی نجکاری قبول نہیں کریں گے‘ سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ خیرپور میں واپڈا سیپکو کی کارکردگی سے متعلق ڈی سی آفس میں کھلی کچہری میں ضلع بھر سے آئے ہوئے بجلی کے صارفین سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نفیسہ شاہ کے علاوہ ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھانی سیپکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اختر نبی ڈوگر‘ انجینئر حبیب اللہ پنہور ودیگر افران سمیت ضلع بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے کہا کہ دیہاتوں میں 24 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ‘ جلے ٹرانسفارمر کی جگہ دوسرے ٹرانسفارمر لگانے کیلئے لاکھوں روپے رشوت کی طلبی‘ اضافی بلنگ سمیت دیگر شکایات کیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے افسران کو عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔