کامیاب دورہ زمبابوے ، پی سی بی نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی دورے کیلئے آمادہ کرنا شروع کردیا

جمعرات 4 جون 2015 13:19

کامیاب دورہ زمبابوے ، پی سی بی نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی دورے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) زمبابوین ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن اور بنگلہ دیش بورڈ کو بھی دورہ پاکستان کیلئے آمادہ کرنا شروع کردیا ہے جبکہ چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوے دورے میں اخراجات ہوئے مگر ملک کیلئے فائدہ مند دورہ تھا جو کامیاب رہا ، جبکہ نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر استعفیٰ نہ دیتا تو پاکستان کو اس عہدے کیلئے دس سال انتظار کرنا پڑتا ۔

پی سی بی آفیشلنے کہا کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، زمبابوین ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ہمیں محسوس کرتے ہیں کہ دیگر ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمبابوین کرکٹ آفیشل دورہ پاکستان پر بہت خوش تھے، وہ یہاں سے پیغام لے کر گئے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہ تاثر دیگر ٹیموں کو دورہ پاکستان کیلئے آمادہ کر سکے گا۔

(جاری ہے)

پی سی بی آفیشلنے کہا کہ رواں سال پاکستانی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ اگلے سال ہمیں دیگر ٹیموں کے بھی دورے کی خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کرتی ہے تو اس کے بہت مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ 2009 میں وہ ہی حملے کے اصل متاثرین تھے۔واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے مہمان ٹیم کے سات کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔

اس حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور وہ عالمی تنہائی شکار ہو گیا، اس کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان آنے پر رضامندی ظاہر نہ کی اور حتیٰ کہ پاکستان کو 2011 کے عالمی کپ کی میزبانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔اس دوران پاکستان نے اپنی تمام ہوم سیریز غیر ملکی سرزمین پر کھیلیں جس سے ملک میں کرکٹ کے کھیل کو شدید دھچکا پہنچا۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوین ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کے لیے بڑا دروازہ کھل چکا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں اخراجات تو ہوئے لیکن یہ کرکٹ کے لئے فائدہ مند رہے، زمبابوے کا دورہ پاکستان ہر لحاظ سے کامیاب رہا جس سے دوسری ٹیموں کے لئے بھی دروازے کھل گئے ہیں۔

’کینیا اور افغانستان کے آنے کے بعد چھوٹا دروازہ کھلا تھا اور اب زمبابوے کے دورے کے بعد بڑا دروازہ کھل گیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عبوری صدر بھی یہاں سے اچھا تاثر لے کر گئے ہیں۔شہریار خان نے بتایا کہ سری لنکا نے دورہ پاکستان کی حتمی یقین دہانی نہیں کرائی تاہم پاک و ہند سیریز ہندوستانی حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔انہوں نے پاکستانی عوام کو سرہاتے ہوئے کہا کہ شائقین نے مشکلات کے باوجود جس صبر اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔اس موقع پر پی سی بی گورننگ باڈی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا صدر کوئی کرکٹر ہونا چاہیے تھا، اگر میں دستبردار نہ ہوتا تو پاکستان کو اس عہدے کیلئے دس سال انتظار کرنا پڑتا۔ ‘