ایسی کوئی جادو کی جھڑی نہیں جو گھمانے سے ملک میں ورلڈ کلاس کھلاڑی بن جائیں گے ، انضمام الحق

جمعرات 4 جون 2015 13:56

ایسی کوئی جادو کی جھڑی نہیں جو گھمانے سے ملک میں ورلڈ کلاس کھلاڑی بن ..

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کا دورہ سخت ہوگا، پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے،ایسی کوئی جادو کی جھڑی نہیں جو گھمانے سے ملک میں ورلڈ کلاس کھلاڑی بن جائیں گے ، ہمیں اپنے ملک کے اندر ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنا ہوگا ، سسٹم اچھا ہوگا تو اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے ، پاکستان کو سعید اجمل کا متبادل نہیں مل سکتا ۔

میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ملک میں ورلڈ کلاس کرکٹر کیلئے ہمیں اپنی ڈومیسٹک سٹرکچر کو یکسر بدلنا ہوگا ۔ ایسی کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس کو گھمانے سے ملک میں انٹرنیشنل لیول کے کھلاڑی پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیگر ٹیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے ڈومیسٹک سٹرکچر کو بدلنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

سسٹم اچھا ہوگا تو اچھے کھلاڑی سامنے آئینگے ۔

انہوں نے کہا کہ کوچز کا کام ہے کھلاڑیوں کو بتانا ، آگے عمل کرنا کھلاڑیوں کا کام ہے ، کوچز کو جتنے وقت کیلئے نامزد کیا گیا ہے ان کو کارکردگی بہتر کرنے کیلئے وقت دینا چاہیے ، کوچز کی قبل از وقت تبدیلی مشکلات کا حل نہیں ۔ انضمام الحق نے کہا کہ سعید اجمل کو دوبارہ اپنی کھوئی ہوئی فارم حاصل کرنے کیلئے اعتماد اور بھرپور پریکٹس کی ضرورت ہے ، پاکستان کرکٹ کو سعید اجمل کا متبادل نہیں مل سکتا ۔

انضمام الحق نے کہا کہ سری لنکا کا دورہ سخت ہوگا تاہم پاکستان کے پاس کامیابی کا امکان ہے " پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے"۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو متحد ہونے اور آخر تک ہار نہ ماننے کے جذبے کو اپنانے کی ضرورت ہے۔جبکہ سابق کر کٹر عامر سہیل نے کہا کہ اگرچہ ٹیم کی بیٹنگ اچھی ہے تاہم باؤلنگ کا شعبہ کمزور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ٹیم کے پاس اتنا مضبوط باؤلنگ اٹیک ہونا چاہئے جو ایک ٹیسٹ میں 20 وکٹیں لے سکے۔دوسری جانب احمد شہزاد نے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ سال کی کارکردگی کو دوہرانے کی کوشش کریں گے۔