بھارت کیخلاف واحد ٹیسٹ : بنگلہ دیشی ٹیم نے روبیل حسین کو واپس طلب کرلیا

جمعرات 4 جون 2015 14:56

بھارت کیخلاف واحد ٹیسٹ : بنگلہ دیشی ٹیم نے روبیل حسین کو واپس طلب کرلیا

ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4جون۔2015ء) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ہفتے بھارت کے خلاف شیڈول واحد ٹیسٹ کیلئے چودہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ انجری میں مبتلا شہادت حسین کی جگہ فاسٹ بالر روبیل حسین کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ روبیل حسین پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث دوسرے میچ میں ان کی جگہ شہادت حسین کو شامل کیا گیا مگر وہ بھی دائیں گھٹنے میں چوٹ کے باعث میر پور ٹیسٹ میں صرف دو گیندیں کرا سکے تھے ، وہ فٹنس مسائل کے باعث چھ ماہ تک کھیل سے دور ہوگئے ہیں۔

روبیل حسین نے گزشتہ ہفتے تمیم اقبال، شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور شفیع الاسلام کے ساتھ فٹنس ٹیسٹ پاس کیا تھا۔مشفق الرحیم جن کی فٹنس مسائل کے باعث میچ میں شرکت مشکوک تھی، ا نہیں ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے ، البتہ ہو سکتا ہے کہ وہ وکٹ کیپنگ نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان واحد ٹیسٹ 10 جون سے فتح اﷲ میں شروع ہو گا۔ اسکواڈ میں مشفق الرحیم کپتان جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، امرالقیس، مومن الحق، محموداﷲ، شکیب الحسن،سومیا سرکار، شووا گا ٹاہوم، تیج الاسلام، محمدشاہد، روبیل حسین، زبیرحسین، لیٹن داس اور ابوالحسن شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر فاروق احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ مشفق الرحیم بھارت کیخلاف ٹیسٹ میچ سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی سی بی کرکٹ آپریشنز کمیٹی کی سفار ش پر تیرہ کے بجائے چودہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ تو نہیں کہیں گے کہ مشفق الرحیم پہلاٹیسٹ نہیں کھیل رہے ہیں مگر اب کا بیک اپ رکھنا اہم ہے ۔ لیٹن داس کو دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین کے طور پر ترجیح دی گئی جو پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی اسکواڈ کا حصہ تھے ۔

فاروق احمد نے بتایا کہ شو وا گاٹا ہوم کو ملک کے دوسرے بہترین آف اسپنر کے طور پر زیرغور لایاگیا کیونکہ سوہاگ غاز ی کو آئی سی سی سے بالنگ کی اجازت ملنے کے بعد نئے ایکشن کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کی بنیادی طاقت بیٹنگ ہے ، ٹیسٹ کرکٹ میں بالنگ اٹیک پر بات کی جائے تو یہ کہنا حقیقت پسندانہ نہیں ہوگا کہ میچ میں دس وکٹیں لینے کی صلاحیت موجود ہے تاہم کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :