بھارت: گائے کے گوشت کے بعد انڈ ے کھانے پر بھی پابندی عائد

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ نے کم غذائیت کے شکار بچوں کے لیے مفت کھانے کی اسکیم میں انڈوں کو شامل کرنے سے انکار کردیا

جمعرات 4 جون 2015 22:37

بھارت: گائے کے گوشت کے بعد انڈ ے کھانے پر بھی پابندی عائد

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء ) ہندوستانی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ نے کم غذائیت کے شکار بچوں کے لیے مفت کھانے کی اسکیم میں انڈوں کو شامل کرنے سے انکار کردیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے یہ اقدام مبینہ طور پر ان کے سبزی خور ہونے کے باعث اٹھایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق شیوراج سنگھ چوہان جین مذہبی برادری سے اتفاق کرتے ہیں کہ انڈے بچوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ حکام کی جانب سے فیصلے کی وضاحت بھی نہیں کی گئی۔ناقدین کا کہنا ہے کہ ریاست کے نصف سے زائد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں جبکہ انڈوں میں بھاری تعداد میں پروٹین ہوتا ہے جو کمزوری کا شکار بچے باآسانی ہضم کرلیتے ہیں۔

(جاری ہے)

'ان کے مطابق ریاست میں مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی عدم غذائیت کا شکار ہے جو اس اسکیم سے مستفید ہوسکتے تھے۔

اس حوالے سے کام کرنے والے ایک سماجی کارکن نے اسکرال ڈاٹ ان پر کہا کہ جو افراد اپنے مذہبی نظریات کی وجہ سے حکومت پر اثر انداز ہورہے ہیں، وہ خود ان اسکیمز سے فائدہ نہیں اٹھاتے۔انہوں نے کہا کہ جو کمیونیٹیز اس طرح کی اسکیمز سے فائدہ اٹھاتی ہیں، وہ ان کے نظریات سے متفق نہیں جبکہ ریاست میں غذائیت کی کمی کی ذمہ داری لینے کو کوئی تیار نہیں۔اس سے قبل ہندوستان کی متعدد دیگر ریاستیں مفت کھانے کی اسکیمز اور گائے کے گوشت کھانے بھی پر پابندی لگاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :