فرنچ اوپن ، سٹینسلاس واورینکا سونگا کوہراکر فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 6 جون 2015 14:06

فرنچ اوپن ، سٹینسلاس واورینکا سونگا کوہراکر فائنل میں پہنچ گئے

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6جون۔2015ء) سال کے دوسرے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں گزشتہ روز مینز سنگلز کے سیمی فائنل گئے جس میں نمبر آٹھ سیڈ سوئٹزر لینڈ کے سٹینسلاس واورینکا نے فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا کو سخت مقابلے میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جہاں ان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری فرنچ اوپن میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز سنگلز کے سیمی فائنلز میں سخت مقابلے دیکھنے کو آئے ۔

عالمی نمبر ایک سربین اسٹار نوواک جوکووچ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور برطانوی حریف اینڈی مرے کیخلاف ابتدائی دونوں سیٹس چھ، تین کے یکساں اسکور سے جیت کر دو، صفر کی برتری حاصل کرلی۔ اینڈی مرے نے تیسرا سیٹ ٹائی بریکر پر پانچ، سات سے جیت کر مقابلہ ایک، دو کر دیا۔

(جاری ہے)

چوتھے سیٹ میں مقابلہ تین، تین سے برابر تھا کہ تیز بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔

قبل ازیں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سوئٹزر لینڈ کے اسٹینسلاس واورینکا نے فرانس کے جو ویلفرائیڈ سونگا کی پیش قدمی کا خاتمہ کر دیا۔ واورینکا نے پہلا سیٹ چھ، تین سے جیت لیا جس کا جواب سونگا نے ٹائی بریکر پر سات، چھ کی جیت سے دیا۔ تیسرا سیٹ بھی ٹائی بریکر پر گیا جس میں سات، چھ سے کامیابی اسٹینسلاس واورینکا کے نام رہی۔ چوتھے سیٹ میں سوئس اسٹار نے چھ، چار سے جیت کو گلے لگا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔آج ویمنز سنگلز میں امریکی اسٹار سرینا ولیمز کیریئر کے 20 ویں گرینڈ سلم ٹائٹل کیلئے جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا سے نبرد آزما ہوں گی ۔