فرنچ اوپن ، اینڈے مرے کو شکست، نوواک جوکووچ فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 6 جون 2015 18:53

فرنچ اوپن ، اینڈے مرے کو شکست، نوواک جوکووچ فائنل میں پہنچ گئے

پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6جون ۔2015ء ) سربیا کے نواک جاکووچ برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے کر فرنچ اوپن گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اتوار کو ان کا مقابلہ سوئنزرلینڈ کے سٹین وارونکا سے ہوگا ۔ سنیچر کو رولینڈ گیروس میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں جوکووچ نے مرے کو سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹس میں 6-3، 6-3، 5-7، 5-7 اور 6-1 سے شکست دی ۔

نوواک جوکووچ لگاتار دوسرے سال فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں جبکہ اینڈی مرے کو بھی لگاتار دوسرے برس سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ گذشتہ برس فائنل میں جوکووچ کو کلے کورٹ کا بادشاہ کہے جانے والے ہسپانوی کھلاڑی رافیل ندال نے ہرایا تھا تاہم اس مرتبہ جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں نڈال سے بدلہ لیکر ان کا 10ویں بار فرنچ اوپن جیتنے کا خواب چکناچور کر دیا۔

(جاری ہے)

اس برس جوکووچ آسٹریلین اوپن جیت چکے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ چاروں گرینڈ سلام جیتنے کا اعزاز حاصل کرکے آندرے اگاسی، ڈون بج، رائے ایمرسن، راجر فیڈرر، روڈ لیور، رافیئل ندال اور فریڈ پیری جیسے کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنا لیں ۔ اگر جوکووچ نے رواں سال تمام گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیے تو وہ 1969ء میں عظیم آسٹریلیوی کھلاڑی روڈ لیور کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنیوالے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے ۔