مانچسٹر یونائیٹڈ کے گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا نے ریال میڈرڈ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کر لیا

پیر 8 جون 2015 13:17

مانچسٹر یونائیٹڈ کے گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا نے ریال میڈرڈ میں شمولیت کا ..

مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار8جون۔2015ء)برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹار گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا نے ہسپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوڈ ڈی گیا کے ایجنٹ نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ سپین سے تعلق رکھنے والے گول کیپر اب اپنے آبائی ملک میں کھیلنا چاہتے ہیں۔

ڈی گیاکی جانب سے اس پیغام کے بعد اب مانچسٹر یونائیٹڈ کو فیصلہ کر نا ہوگا کہ آیا وہ 24سالہ گول کیپر کو 2016ء میں ان کے معاہدے کے اختتام تک اپنے ساتھ رکھے اور اگلے سیزن کے اختتام پر انہیں فر ی ٹراسفر پر ریال میڈرڈ جانے کی اجازت دے دی جائے۔ماہرین کے مطابق اپنے آبائی شہر کی جانب سے کھیلنے کی خواہش اور گرل فرینڈ کا شہر ہونا ڈی گیا کے ریال میڈرڈ جانے کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں۔

(جاری ہے)

24سالہ ڈیوڈ ڈی گیا کو مانچسٹر یونائیٹڈ کے اس وقت کے منیجر سر ایلکس فرگوسن نے 2011ء میں ایٹلیٹکو میڈرڈ 17.8ملین پاؤنڈ یا 24.4ملین یورو کی ریکارڈ قیمت پر خریدا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے 2013-14ء اور 2014-15ء کے سیزن میں یونائیٹڈ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا،اس دوران انہوں نے ایک مرتبہ انگلش پریمئر لیگ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا جبکہ وہ دو مرتبہ پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن ٹیم آف دی ایئر میں بھی شامل رہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2003ء میں سابق برطانوی کپتان ڈیوڈ بیکھم اور 2009ء میں پرتگا ل کے شہر ہ آفاق سٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈوبھی مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریال میڈرڈ میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ فٹبال کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈی گیا کو کم سے کم مزید دو سال انگلینڈ میں ہی فٹبال کھیلنی چاہیئے تاکہ وہ اس ماحول میں مزید تجربہ حاصل کرلیں۔