سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار موٴخر

منگل 9 جون 2015 11:11

سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار موٴخر

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی پھانسی کو چوتھی بار کو ملتوی کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سینٹرل جیل کے ذرائع نے بتایا کہ آخری لمحات میں اس وقت شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار ملتوی کی گئی جب صبح پانچ بجے انہیں تختہ دار پر لٹکایا جانا تھا۔ سزائے موت کے مجرم شفقت حسین کو منگل کو ساڑھے 4 بجے کراچی جیل میں پھانسی دی جانی تھی جب کہ جیل حکام کے مطابق پھانسی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی تھی لیکن آخری لمحات میں پھانسی موٴخر کرنے کے احکامات جیل حکام کو موصول ہوئے جس کے بعد اغوا اور قتل کے مجرم شفقت حسین کی پھانسی چوتھی بار موخر کردی گئی ۔

اس سے قبل شفقت حسین کی پھانسی مجرم کی عمر کے تعین کے حوالے 3 بار موٴخر کی جاچکی ہے ۔

(جاری ہے)

چوبیس اپریل کو تیسری بار شفقت حسین کے بلیک وارنٹ جاری ہوئے تھے تاہم پھانسی سے ایک روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے پھانسی کو قیدی کی عمر کے تعین کے حوالے سے عدالتی تحقیقات کے لیے دائر درخواست کے فیصلے تک روک دیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے شفقت حسین کے نئے بلیک وارنٹ جاری کرتے ہوئے نو جون کو پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا۔یاد رہے کہ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شفقت حسین کو 2001 میں 5 سالہ عمیر کو قتل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد 2004 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر انہیں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

متعلقہ عنوان :