جینیفر لوپیز کا کانسرٹ، مراکش وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا

منگل 9 جون 2015 11:50

جینیفر لوپیز کا کانسرٹ، مراکش وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا

رباط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء)مراکش کے وزیر اعظم بنکیران نے رباط میں امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کے کانسرٹ کو ٹی وی پر دکھائے جانے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔جینیفر لوپیز نے پچھلے ہفتے ایک لاکھ 60 ہزار افراد کے مجمعے کے سامنے پرفارمنس دی تھی۔ یہ فیسٹیول معمولی تاخیر کے ساتھ 2ایم پبلک ٹی وی نیٹ ورک پر دکھایاگیا تھا۔

مراکش کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ لوپیز کا کانسرٹ ٹی وی پر دکھانا ایک ’سنجیدہ غفلت‘ تھی اور امریکی گلوکارہ کی پرفارمنس میں ’شرمناک حرکات‘ تھیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس کانسرٹ کو ٹی وی پر دکھانا ملک کے آڈیو ویڑوئل قوانین کی خلاف ورزی ہے۔یاد رہے کہ پچھلے ہفتے جینیفر لوپیز کے کانسرٹ کے بعد ملک کے وزیر برائے مواصلات کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ موازین فیسٹیول میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس غیر مہذب تھی۔وزیر برائے مواصلات مصطفیٰ خلفی نے یہ پرفارمنس ٹی وی پر لائیو دکھائے جانے کی اجازت دی تھی جس کے باعث ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق مصطفیٰ نے مستعفی ہونے کے مطالبے رد کر دیے ہیں۔مقامی میڈیا نے جینیفر لوپیز کو ان کی حرکات اور لباس کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کئی رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ اجلاس طلب کیا جائے جس میں اس بات پر بحث کی جائے کہ کیا یہ فیسٹیول ٹی وی پر دکھایا جانا چاہیے تھا۔