عورتوں کو اپنی جاگیر نہیں سمجھنا چاہئے‘ عمران ہاشمی

منگل 9 جون 2015 11:50

عورتوں کو اپنی جاگیر نہیں سمجھنا چاہئے‘ عمران ہاشمی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء)ایک وقت ایسا تھا کہ جب عمران ہاشمی کی فلموں پر کہانی اور ایکٹنگ سے زیادہ ان کے کسنگ مناظر کے لیے بات ہوتی تھی۔اس طرح کے امیج کے باوجود عمران ہاشمی کی ذاتی زندگی کے بارے میں کوئی کوئی گپ شپ سننے کو نہیں ملی۔عمران ہاشمی اس کا پورا کریڈٹ اپنی بیوی پروین ساہنی کو دیتے ہیں عمران نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے کامیاب رشتے کے پیچھے میری بیوی ہے۔

عمران ہاشمی کا کہنا ہے کہ آن سکرین میری شبہہ کیسی بھی ہو، میری بیوی کو مجھ پر مکمل اعتماد ہے۔عمران کا خیال ہے کہ میاں بیوی کے رشتے کی کامیابی کے لیے مرد اور عورت کو برابر کا درجہ دیا جانا ضروری ہے۔عمران کہتے ہیں، ’بیوی کو برابری کا درجہ دینا بہت ضروری ہے اور میاں بیوی میں ایک اٹوٹ اعتماد ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

فلم ہماری ادھوری کہانی میں انکے ساتھ ودیا بالن ہیں-بالی ووڈ میں مختلف مذاہب کے درمیان لوگوں میں شادی نئی بات نہیں ہے عمران کی بیوی ہندو ہیں۔

عمران کہتے ہیں، ’میں مسلم ہوں، میرا خدا پر یقین ہے لیکن میں نے کبھی اپنی بیوی کو نہیں کہا کہ تم اپنا مذہب تبدیل کر لو۔ اس طرح کی سوچ نہیں ہونی چاہئے۔خواتین کے ساتھ تشدد کے معاملے میں عمران کافی حساس ہیں۔وہ کہتے ہیں، ’مجھے ان مردوں پر بہت غصہ آتا ہے جو عورتوں کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔وہ کہتے ہیں کہ میرے والد اور ماں دونوں نے مجھے بچپن سے ہی یہ تعلیم دی کہ عورتوں پر ہاتھ نہیں اٹھانا چاہئے یہی بات اب میں اپنے بیٹے کو سمجھتا ہوں-عمران ہاشمی 12 سال طویل فلمی کیریئر میں کئی رومانٹک، ڈراونی، سسپنس اور ایکشن فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

انھوں نے کئی ہٹ فلمیں دی ہیں لیکن ان کی پچھلی چار فلمیں ’گھن چکر‘، ’انگلی‘، ’راجا نٹورلال‘ اور ’مسٹر ایکس‘ فلاپ رہیں۔ایسے میں 12 جون کو ریلیز ہونے والی ان کی نئی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ سے انہیں کافی امید ہے۔