Live Updates

تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی ، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اور اس جیسی دوسری پارٹیوں پر پابندی لگائے ،گلگت بلتستان کی عوام کا(ن ) لیگ کو فتح دلانا وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کااظہار ہے ، (ن) لیگ کی جیت نگران حکومت پرتنقید کرنے والوں کے منہ پر تھپڑ ہے ، عمران خان کی گواہی کو تحریک انصاف نے خود واپس لیا ، قوم سے معافی مانگے

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری اور محسن شاہ نواز رانجھا کی میڈیا سے گفتگو

منگل 9 جون 2015 18:05

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری اور محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی ، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف اور اس جیسی دوسری پارٹیوں پر پابندی لگائے ،گلگت بلتستان کی عوام نے شیر پر مہر لگا کر وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کااظہار کیا ہے ، گلگت بلتستان سے (ن) لیگ کی جیت ان لوگوں کے منہ پر تھپڑ ہے جو نگران حکومت پر تنقید کرتے تھے ، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مستعفی نہ ہونا یہ مستعفی نہ ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ دھاندلی عمران خان کے کہنے پر کی گئی ، برجیس طاہر اور ان کی ٹیم کو گلگت بلتستان میں انتخابات جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف عدالت کا وقت ضائع کررہی ہے ، عمران خان کی گواہی کو تحریک انصاف نے خود واپس لیا ، قوم سے معافی مانگی چاہیے ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی کمیشن کا فیصلہ مان لے ، ایک کمیشن یہاں کام کررہا ہے جبکہ ایک عوامی کمیشن بھی ہے جو چاہے ملتان کا ہو ، منڈی بہاؤالدین یا گلگت بلتستان کا وہ ہر دفعہ ایک ہی فیصلہ سناتا ہے کہ ہم نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے شیروں سے تھیلے بھرے ہیں ۔

جتنے مرضی تھیلے کھلوا لو چاہے الیکشن ٹربیونل میں کھلواؤ یا جوڈیشل انکوائری کمیشن میں ہر دفع تھیلوں سے شیر ہی نکلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات جیتنے پر برجیس طاہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ جی بی کی عوام کا فیصلہ ان کے منہ پر تھپڑ ہے جنہوں نے وہاں کی نگران حکومت پر تنقید کی ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان خود اعتراف کر چکے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں دھاندلی ہوئی ، دھاندلی کے بعد وزیراعلیٰ کا استعفیٰ نہ دینا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دھاندلی عمران خان کے کہنے پر ہوئی ، دھاندلی والی جماعت کا حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسی پارٹیوں پر پابندی لگائی جائے ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنماء محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ تحریک انصاف کے عدالتی کمیشن میں دلائل سے یوں محسوس رہا تھا کہ جیسے حلف اٹھارہے ہیں کہ جو کہوں گا جھوٹ کہوں گا جھوٹ کے سوا کچھ نہیں کہوں گا ۔ تحریک انصاف کے وکیل جوڈیشل انکوائری کمیشن میں وہ باتیں اٹھاتے ہیں جس پر ججز کے ریمارکس آتے ہیں کہ یہ الیکشن کمیشن یا پھر الیکشن ٹربیونل میں زیر سماعت ہیں ، جوڈیشل کمیشن میں یہ نہیں اٹھائے جاسکتے ۔

تحریک انصاف نے 126 دن دھرنا دے کر قوم کا وقت ضائع کیا ، ساتھ ہی ملکی معیشت کو بھی تباہ کردیا ۔ اب پی ٹی آئی عدالت کا وقت ضائع کررہی ہے ۔ عمران خان کی گواہی کو تحریک انصاف نے خود واپس لیا ، تحریک انصاف کمیشن میں دھاندلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات