دنیا میں 200ملین سے زائد افراد فضائی آلودگی کا شکار ہیں، پروفیسر محمد شریف

منگل 9 جون 2015 20:35

سکھر ۔09جون( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں شعبہ جیوگرافی کے زیر ِ اہتمام ماحولیاتی آلودگی کے عنوان پر ایک روزہ توسیعی لیکچر پروگرام منعقد ہوا۔ اعلامیہ کیمطابق پروفیسر محمد شریف شیخ سربراہ شعبہ جیوگرافی نے اس موقع پر لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی جنم لیتی ہے جو انسانی صحت پر نہایت برے اثرات مرتب کرتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ دنیا میں اس وقت 200ملین سے زائد لوگ فضائی آلودگی کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2012میں دنیا بھر میں 3.7ملین لوگ فضائی آلودگی کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلے گئے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک آلودگی میں سر ِ فہرست ہیں ۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ 2008-13کے مطابق دنیا بھر میں چین، ہندوستان، پاکستان اور ایران آلودہ ترین ممالک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتی ، آبی، فضائی آلودگی بتدریج بڑھ رہی ہے۔ گاڑیوں اور صنعتوں کے دھویں نے پوری فضا کو آلودہ کردیا ہے۔ انہوں نے سول سوسائٹی ، غیر سرکاری تنظیموں و دیگر اداروں کو تجویز د ی کہ وہ ماحول کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کو اس ضمن میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :