پی سی بی میں منقسم آرا ،سپاٹ فکسنگ میں سزا کے مر تکب سلمان بٹ کا یکم ستمبر کی ڈیڈ لائن سے پہلے بحالی پروگرام مکمل کرنے میں ناکام رہنے کا خدشہ

منگل 9 جون 2015 21:37

پی سی بی میں منقسم آرا ،سپاٹ فکسنگ میں سزا کے مر تکب سلمان بٹ کا یکم ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ میں منقسم آرا کی وجہ سے خدشہ ہے کہ سابق کپتان سلمان بٹ یکم ستمبر کی ڈیڈ لائن سے پہلے اپنا بحالی پروگرام مکمل کرنے میں ناکام رہیں گے۔ غیر ملکی ویب سائٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کی صورت میں انہیں سپاٹ فکسنگ کرنے پرعائد 10 سالہ پابندی مکمل کرنا پڑے گی۔

مقررہ وقت کے اندر بحالی پروگرام مکمل کرنے کی صورت میں ان کی سزا میں پانچ سال کمی ہو جائے گی۔پروگرام مکمل کرنے کیلئے سابق کپتان نے پی سی بی کے دو لیکچر ز لینا ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہیں کلیئر کرنے کے حوالے سے بورڈ منقسم ہے۔رپورٹ کے مطابق بورڈ ممکنہ طور پر اس ایک نقطہ پر تقسیم ہے کہ آیا بٹ نے کرکٹ میں کرپشن کے حوالے سے معلومات شیئر کرتے ہوئے انسداد کرپشن کی ایجنسیوں کی مدد کی؟ پی سی بی حکام اس معاملے پر تبصریسے اجتناب کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات ہیں کہ پی سی بی بٹ کو پچھلے دو سالوں سے بحالی پروگرام تک رسائی نہیں دے رہا۔پی سی بی شہریار خان کی براہ راست منظوری سے گزشتہ ہفتے نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے انہیں پروگرام مکمل کرنے کیلئے دعوت دی تھی لیکن بورڈ کے کچھ سینئر افسروں کی جانب سے اعتراضات کے فوراً بعد میں یہ منصوبہ ختم کر دیا گیا۔ان بورڈ حکام کا ماننا ہے کہ سلمان اب بھی اہم معلومات سے پردہ نہیں اٹھا رہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہر یار خان کی جانب سے عالمی کرکٹ میں واپسی کی درخواست دائر کرنے کے بعدانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بٹ کو 28 اپریل دبئی بلایا تھا۔تاہم، یہ ملاقات بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر منسوخ ہو گئی۔اکتوبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن میں حصہ لینے کے خواہش مند بٹ نے دعوی کیا ہے کہ متعدد ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں ان کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش مند ہیں۔

سابق کپتان نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ انہوں نے ٹربیونل احکامات کے تحت سب کچھ کر لیا۔’ڈومیسٹک سیزن سے پہلے کچھ ڈیپارٹمنٹس سے بات چیت جاری ہے، لیکن غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے میں کوئی آفر قبول نہیں کر سکتا۔ میں یہ سمجھنے سے عاری ہوں کہ مجھے ہدف کیوں بنایا جا رہا ہے‘۔سلمان بٹ بحالی پروگرام مکمل کرنے کیلئے 2013 سے پی سی بی سے رابطے کر رہے ہیں کیونکہ پابندی کے باقی پانچ سال ختم کرنے کیلئے ان کا یہ پروکرام ختم کرنا انتہائی ضروری ہے۔بٹ نے پی سی بی کو بتا رکھا ہے کہ وہ پورا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :