پہلا ون ڈے ، انگلینڈ کے بلے بازوں نے نئی تاریخ رقم کر دی

منگل 9 جون 2015 23:09

پہلا ون ڈے ، انگلینڈ کے بلے بازوں نے نئی تاریخ رقم کر دی
ایجبیسٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9جون ۔2015ء ) نیوزی لینڈکے خلاف پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں انگلینڈ نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایجبیسٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اس کے بلے بازوں نے برینڈن میکولم کی اس آفر کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے برطانیہ کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 400رنز سے زائد کا ہدف د ے ڈالا ۔ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ 16واں موقع تھا جب کسی ٹیم نے ایک ون ڈے اننگز میں400کا ہندسہ عبور کیا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ اور بھارت یہ اعزاز 5،5بار حاصل کر چکے ہیں ، سری لنکا اور آسٹریلیا 2،2اور نیوزی لینڈاور انگلینڈ 1،1مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ اس سے پہلے ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کا سب سے بڑا سکور 4وکٹوں پر391رنز تھا جو اس نے21 جون2005 ء کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹرینٹ برج کے مقام پر بنایا تھا ۔ انگلینڈ کے ٹیم اب ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز میں 400رنز بنانیوالی چھٹی ٹیسٹ پلیئنگ ٹیم بن گئی ہے اور اب ویسٹ انڈیز ، پاکستان ، زمبابوے اور بنگلہ دیش ہی ٹیسٹ کھیلنے والے وہ ممالک رہ گئے ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ کی ایک اننگز میں 400رنز کا ہندسہ عبور نہیں کیا ہے ۔