میرے بس میں ہوتا تو کیون پیٹرسن کو ایشز سکواڈ میں شامل کر لیتا: کرس گیل

بدھ 10 جون 2015 13:49

میرے بس میں ہوتا تو کیون پیٹرسن کو ایشز سکواڈ میں شامل کر لیتا: کرس گیل

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10جون۔2015ء) ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز گرس گیل نے کیون پیٹرسن کی ایشز سیریز کے لیے انگلینڈ ٹیم میں عدم شمولیت پر حیرانی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بس میں ہوتا تو وہ اس اہم سیریز کے لیے پیٹرسن کو ٹیم میں ضرور شامل کر تے۔ اپنے ایک بیان میں 35 سالہ کرسٹوفر ہنری گیل کا کہنا تھا کہ انہیں مایوسی ہوئی ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم مینجمنٹ ایشز جیسی اہم سیریز کے لیے کیون پیٹرسن کو ٹیم میں شامل کر نے کے لیے تیارنہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہناتھا کہ اگر ان کے بس میں ہوتا تو وہ 34سالہ پیٹر سن کو ایشز سیریز کے لیے اپنی ٹیم میں شامل کرتے کیوں کہ وہ اس وقت بھی انگلینڈ کے بہترین بلے باز ہیں، انہوں نے چند روز قبل ہی کیریئر کی پہلی ٹرپل سنچری سکور کی ہے اور ان کی فٹنس اس عمر میں شاندار ہے۔ کرس گیل کے مطابق انہیں اب بھی امید ہے کہ پیٹرسن کو کسی بھی روز فون یا میسج پر انگلینڈ ٹیم کے لیے کال آسکتی ہے اور یہ کوئی اچھنبے کی بات نہیں ہوگی۔جارح مزاج ویسٹ انڈیز بلے باز کے مطابق انگلینڈ اب بھی 20سال پرانے طریقے سے ہی ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہے اور پیٹرسن کے آنے سے ان کی بیٹنگ میں وہ جارحانہ پن آسکتا ہے جو موجودہ کرکٹ کی پہچان ہے۔