محمد یاسین ملک کی جموں میں مسلمانوں کو گھروں سے زبردستی بے دخل کرنے،چناب میں مسلمانوں میں خوف وہراس پھیلانے کی مذمت

مفتی سعید نے مسلم افسروں کا صفایا کر کے ثابت کردیا وہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کررہے ہیں، بیان

بدھ 10 جون 2015 18:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے جموں کے مسلمانوں کی زبردستی اپنے گھروں سے بے دخلی اور وادی چناب میں مسلمانوں کو خو ف و ہراس پھیلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید نے جموں سے مسلم افسروں کا صفایا کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں محمد یاسین ملک نے کہاکہ کشمیری عوام جموں کے اپنے بھائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر چپ نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ان مظالم کے خلاف13جون بروز ہفتہ کو احتجاجی بھوک ہڑتال کی جائیگی اور وہ خود حالات کا جائزہ لینے کیلئے پیر کو ایک ٹیم کے ہمراہ جموں جائیں گے ۔انہوں نے کہ مفتی سعید کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کاربند ہوکر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حال ہی میں جموں میں ایک سکھ نوجوان کو قتل کردیا گیا ہے جبکہ جموں ،کٹھوعہ،اودھمپور ،سانبہ اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں کو جنگل کی اراضی سے زبردستی بے دخل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ جموں میں اسرائیلی طرز پرمسلمانوں کاصفایا کرنے پر تلی ہوئی ہے اور مسلمانوں کے گھروں کو مسمارکرنے کے علاوہ جموں ، سانبہ،کٹھوعہ،ادھمپور ، راجوری ،پونچھ، ڈوڈہ، بھدرواہ، کشتواڑاور رام بن میں مسلمان افسروں کو ہٹاکر من پسند ہندو افسر تعینات کئے جارہے ہیں۔

یاسین ملک نے کہا کہ مفتی محمد سعید آر ایس ایس کے ایجنٹ بن کر جموں میں 1947ء جیسی صورتحال پیدا کرکے مسلمانوں کو وہاں سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں تاکہ آر ایس ایس کے ایجنٹوں اور کارندوں کو وہاں بساکر آبادی کے تناسب کو بگاڑا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں آبادی کے ریکارڈ بھی تبدیل کرنے کا منصوبہ بناچکی ہے تاکہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی بے دخلی کو بلا روک ٹوک جاری رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ مفتی محمد سعید شیخ عبداﷲ کی طرح آر ایس ایس کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کو مذہبی منافرت کے ذریعے الگ کردینا آر ایس ایس کا پرانا خواب ہے جسے شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے مفتی محمد سعید اور انکی کابینہ مامور کی جاچکی ہے ۔یاسین ملک نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ پہلے روز سے ہی پنڈتوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کے قیام ،غیر کشمیری باشندوں کی مستقل شہریت ،اسکولوں میں اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفیکٹ دینے اور ایسے ہی دیگر اقدامات کرنے جارہی ہے جس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ جموں میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر چپ نہیں بیٹھیں گے اور مسلمانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سازش کے خلاف منظم احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ہفتہ کو بڈشاہ چوک میں ایک روزہ حتجاجی بھوک ہڑتال کی جائے گی جس میں مسلمانوں کی گھروں سے بے دخلی اور دیگر اقلیتوں کے خلاف سازشوں کیخلاف منظم احتجاج کیا جائیگا۔