خصوصی افراد کے لئے سرکاری و نجی اداروں میں پانچ ہزار اسامیاں پیدا کی جا رہی ہیں، ترجمان محکمہ سماجی بہبود

بدھ 10 جون 2015 18:48

لاہور ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ترجمان محکمہ سماجی بہبود نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے لئے سرکاری و نجی اداروں میں پانچ ہزار اسامیاں پیدا کی جا رہی ہیں - ترجمان نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں ملازمتوں کی فراہمی کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے - ملازمتوں میں کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر تین فیصد کرنے کے بعد 207 بصارت سے محروم افراد کو ڈیلی ویجزپر مختلف ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں -خصوصی افراد کو ملازمتوں میں بھرتی کے لئے 10 سال تک عمر میں رعایت دی گئی ہے - انہوں نے بتایا کہ کالج و یونیورسٹیوں میں داخلے اور ایم فل و پی ایچ ڈی میں داخلے کے لئے عمر کی حد میں رعایت دی گئی ہے -انہوں نے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود نے معذور افراد کی بحالی کے لئے ضلعی کمیٹیوں کی طرف سے 25,25 لاکھ روپے فراہم کئے گئے - جس سے خصوصی افراد کو مصنوعی اعضا اور طبی سہولیات کو فراہم کیا جا سکے گا - مزید براں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی معذور افراد کے لئے انکم سپورٹس پروگرام زیر غور ہے - علاوہ ازیں سی ایس ایس کے امتحان میں بھی معاون کو ساتھ بٹھانے کی اجازت دی گئی ہے -