گورنر سندھ سے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی ملاقات ،سیاسی صورت حال اور توانائی کے منصوبوں پر گفتگو

بدھ 10 جون 2015 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے بدھ کو وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں سیاسی صورت حال اور توانائی کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی ۔وزیر مملکت نے وفاقی حکومت کی جانب سے توانائی کے جاری منصوبوں کے حوالے سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا ۔گورنر سندھ نے وفاقی حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ جلد از جلد ختم کرنے کے اعلان کو سراہا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل سے ملک کی معیشت مضبوط ہوگی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ بیروزگاری اور غربت میں کمی واقع ہوگی ۔ملاقات میں کراچی میں بجلی کے مسائل اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے اور رمضان المبارک میں اس حوالے سے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف بھی مزید سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور بقایہ جات کی وصولی کے لیے بھی ہرممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی