کراچی، ایس آئی یو پولیس نے بینک ڈکیتیوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتارکرلیا ،اسلحہ برآمد

بدھ 10 جون 2015 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ایس آئی یو پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں بینک ڈکیتیوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں سے چار کا تعلق ایک مذہبی جماعت سے ہے جن میں ایک زیر تربیت پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ایس ایس پی اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ محمد فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے ایک کارروائی میں چار ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں ظفر اللہ، فرحان، رئیس اور عنایت اللہ شامل ہیں۔ فاروق اعوان نے بتایا کہ گرفتار چاروں ملزمان کا تعلق اہلسنت و الجماعت سے ہے جبکہ ملزم ظفر اللہ اختر کالونی کا امیر ہے۔ ملزمان نے 9اپریل 2015کو سمٹ بینک بلوچ کالونی برانچ میں ڈکیتی کی تھی ، ملزمان کو واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے واردات میں نقدی اور بینک کے سکیورٹی گارڈز سے اسلحہ بھی چھین لیا تھا۔

ملزمان کے قبضے سے چھینا ہوا اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ دوسری کارراوائی میں پولیس نے لانڈھی سے ایک ملزم محمد فیاض کو گرفتار کیا ہے جس نے ابتدائی تفتیش میں کورنگی کی ایک بینک ڈکیتی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ یاد رہے کہ محمد فیاض کو 3جون کو پولیس نے لانڈھی کے علاقے سے حراست میں لیا تھا اور متعلقہ پولیس کی جانب سے اسے حراست میں لئے جانے کی تردید پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا جس پر ایس ایچ او لانڈھی کے خلاف محمد فیاض کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا،ایس ایس پی کورنگی نے محمد فیاض کے بھائی کی ملاقات اس سے کرائی تھی۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ ملزم محمد فیاض نے ابتدائی تفتیش میں بینک ڈکیتی کی ایک واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ وہ دیگر سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہے جس پر اسکی جوائنٹ انٹیروگیشن کرائی جائے گی۔`

متعلقہ عنوان :