بہاولپور صوبہ کی بحالی ، جماعت اسلامی نے قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی

سرائیکی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاجارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کئے تمام دعوے پورے کرے تحریک میں موقف

بدھ 10 جون 2015 21:49

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بہاولپور صوبہ کی بحالی کے حوالے سے قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ”اس ایوان کی رائے ہے کہ وفاقی حکومت پنجاب اسمبلی سیشن2003-2007کی متفقہ قرار داد کہ بہاولپور صوبہ بحال کیا جائے اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے پر فوری طور پر عملی اقدامات کا آغاز کرے“۔

علاوہ ازیں اس حوالے سے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے اپنے بیان میں کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام وڈیروں،جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے چنگل میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔آج تک کسی بھی برسر اقتدار حکومت نے ان کی فلاح وبہبود کیلئے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔سرائیکی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاجارہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے تمام دعوے پورے کرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جتنے زیادہ انتظامی یونٹس ہوں گے ملک اتناہی زیادہ مضبوط ومستحکم ہوگا۔جنوبی پنجاب کے عوام کوالگ صوبہ دینے کے ساتھ ساتھ بہاولپور کی صوبائی حیثیت کودوبارہ بحال کیاجائے یہ وہاں کے عوام کاآئینی وقانونی حق ہے`