بھارت پاکستان کو گجرات سمجھنے کی غلطی نہ کرے،رہنماء پاکستان پیپلزپارٹی

بدھ 10 جون 2015 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی ، سینیٹر ڈاکٹر کریم خواجہ اور سینیٹر عاجز دھامرا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف مسلسل ہرزہ سرائی کو دیوانے کی بڑ قرار دیتے ہوئے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کو گجرات سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔

پی پی پی میڈیا سیل سے بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم اور ذمہ دار ملک ہے جس نے عالمی امن و استحکام کیلئے دنیا کے کسی بھی ملک اور قوم سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ اگر پاکستان بھی جارحانہ عزائم کی پالیسی اپنا لے تو بھارت کو لینے کے دینے پڑ جائینگے لیکن پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بھائی چارے اور باہمی امن و استحکام کے اصولوں پر کاربند ذمہ دار ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پر اب یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ دنیا کا امن واستحکام پاکستان کے امن و استحکام سے مشروط ہے لہذا بھارت کی جانب سے پاکستان میں مسلسل دہشت گردوں کی مدد کرنے کا مطلب صاف ہے کہ بھارت عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ فی الفور بھارت کے حالیہ بیانات کا نوٹس لے اور پاکستان کے خلاف عسکری اور آبی دہشت گردی ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صورتحال پر غور کرنے کیلئے اورنریندرمودی کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کیلئے اورتمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ملک میں جاری دہشت گردی کی طرح عالمی سطح پر بھارتی دہشت گردی کے خلاف بھی پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر آجائے۔

متعلقہ عنوان :