حکومت معیاری تعلیم اور داخلہ کی شرح میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے نئے منصوبے متعارف کرائے گی ٗمحمد بلیغ الرحمن

چھٹی جماعت سے دسویں جماعت کے طلباء کو ایک پیشہ کی تربیت دینے کا پروگرام بھی زیرغور ہے ٗخطاب

بدھ 10 جون 2015 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) وزیرمملکت وفاقی تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت معیاری تعلیم اور داخلہ کی شرح میں بہتری کو یقینی بنانے کیلئے نئے منصوبے متعارف کرائے گی۔ وہ بدھ کو درمیانے اور کم درجہ کے نجی سکولوں میں ابتدائی تعلیم کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں 3روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزارت وفاقی دارالحکومت میں ابتدائی سکول کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ’’نیشنل فاؤنڈیشن سکولز‘‘ قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چھٹی جماعت سے دسویں جماعت کے طلباء کو ایک پیشہ کی تربیت دینے کا پروگرام بھی زیرغور ہے جبکہ چھٹی سے 8ویں جماعت کے جو طلبہ تعلیم میں دلچسپی نہیں رکھتے ان کیلئے بنیادی تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کے پروگرام متعارف کرائے جائیں گے اس سے ان طلباء کی سکول میں دلچسپی میں اضافہ ہو گا اور یہ طلباء سکول نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہا کہ ملک میں پیشہ وارانہ تعلیم کے خلاء کو پر کرنے کے لئے نیوٹک نے 9ویں اور دسویں جماعت کے طلباء کے لئے 200کورسز کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف صفر عشاریہ چھ فیصد سکول پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر رہے ہیں جس کی وجہ سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد غیرہند مند ہے۔ بلیغ الرحمن نے کہا کہ وہ قومی نصاب کونسل پر کام کر رہے ہیں تا کہ پورے ملک میں یکساں نصاب کو یقینی بنایا جا سکے، تین روزہ ورکشاپ میں وفاقی دارالحکومت کے 50نجی سکولوں کے ایک سو سے زائد اساتذہ اور مالکان شرکت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :