بھارتی بیانات مایوس کن اور خطے میں امن کے منافی ہیں، بھارتی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کو توڑنے کی سازش میں شریک ہونے کی تصدیق کرنے سے خطے میں امن کو شدید دھچکا پہنچا ہے،بھارت پاکستان کے خلاف کسی بھی کارروائی سے باز رہے اور پاکستان کو میانمر نہ سمجھے ،پاکستان بھارت کی ہر کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کابیان

بدھ 10 جون 2015 23:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بھارت کی جانب سے معاندانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات بہت مایوس کن ہیں اور خطے میں امن کے منافی ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بنگلہ دیش میں پاکستان کو توڑنے میں بھارت کے کردار کے متعلق بیان بہت افسوسناک اور غیرضروری تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کو توڑنے کی سازش میں شریک ہونے کی تصدیق کرنے سے خطے میں امن کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی سالمیت کے خلاف کارروائی کے اعتراف کی وجہ سے پاکستان میں شدید عوامی ردعمل ہے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس کا سخت نوٹس لے اور بین الاقوامی عدالت میں اس کا مقدمہ چلائے۔ اگر پاکستان کے اہم حکومتی اہلکارہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا بیان دیں تو بھارت کو کیسا لگے گا۔ سابق صدر نے بھارت کو متنبہ کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی کارروائی سے باز رہے اور پاکستان کو میانمر نہ سمجھے کیونکہ پاکستان بھارت کی ہر کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔