دفتر خارجہ نے پاکستانی سفارتکار کو بھارت سے بے دخل کرنے سے متعلق بھارتی دعویٰ بے بنیاد قرار دیدیا، پاکستانی وزارت خارجہ کے اہلکار کو بھارت سے نکالنے کی بھارتی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ،سفارتی افسر کو بھارتی ویزے کے اجراء میں طویل تاخیر پر کسی دوسرے ملک میں تعینات کردیا گیا ،پاکستان سالمیت کے دفاع اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،دفترخارجہ کابیان

بدھ 10 جون 2015 23:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون۔2015ء) دفتر خارجہ نے پاکستانی سفارتکار محمد ادریس کو بھارت سے بے دخل کرنے سے متعلق بھارتی دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ کے اہلکار کو بھارت سے نکالنے کی بھارتی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ،سفارتی افسر کو بھارتی ویزے کے اجراء میں طویل تاخیر پر کسی دوسرے ملک میں تعینات کردیا گیا ،پاکستان سالمیت کے دفاع اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

بدھ کو دفترخارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ کے اہلکار کو بھارت سے نکالنے کی بھارتی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ادریس دفتر خارجہ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے افسر محمد ادریس کو کچھ ماہ قبل بھارت تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ادریس کو بھارتی ویزے کے اجراء میں طویل تاخیر پر کسی دوسرے ملک میں تعینات کردیا گیا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سالمیت کے دفاع اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اس سے قبل بھارت نے پاکستانی سفارتکار محمد ادریس پر جھوٹے الزامات لگا کرملک بدر کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔بھارتی حکام کا الزام ہے کہ پاکستانی سفارتکار محمد ادریس کا دہشتگردوں سے تعلق ہے انکا ویزہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے ۔