جازان میں جھڑپیں، اپاچی ہیلی کاپٹرز کے حوثی اہداف پر حملے،، 43افراد ہلاک

جمعرات 11 جون 2015 13:37

جازان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء )سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر جازان کے علاقے میں اتحادی فوج میں شامل اپاچی ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں حوثیوں کی نقل و حرکت کو نشانہ بنایا، دونوں ملکوں کے سرحدی علاقے پر حوثی ملیشیا اور سعودی عرب کی مسلح فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جس میں 43 افراد ہلاک ہوگئے ،ادھر یمنی بحریہ نے ایران کے چار بحری جہازوں پر قبضہ کر لیا ۔

غیر ملکی میدیا کے مطابق سعودی عرب کے سرحدی علاقے جزان کے قریب حوثی باغیوں اور سعودی فورسز میں جھڑپوں کے دوران بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ یمن کے دارالحکومت صنعا،عدن اور دیگر شہروں میں صدر منصور ہادی کی فورس اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران43 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق اس سے پہلے اتحادی طیاروں نے عدن میں بمباری کرکے18حوثی باغیوں کو ہلاک کردیا۔

گذشتہ روز سرحدی علاقے ظھران کے جنوب میں حوثی ملیشیا کے زیر استعمال فوجی گاڑیوں نے نقل و حرکت شروع کی تو سعودی مسلح فوج نے فوری کارروائی کر کے بڑی تعداد میں حوثیوں کا جنگی ساز و سامان تباہ کر دیا۔دوسری جانب یمنی بحریہ نے ایران کے چار بحری جہازوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ جہازوں پر قبضہ جزیرہ سوقطرہ کے علاقے میں کیا گیا۔سوقطرہ کا علاقہ متعدد جزیروں پر مشتمل خطے میں واقع ہے۔ یہ جزیرے خلیج عدن میں ہارن آف افریقا کے ساحل کی سمت واقع ہیں اور جزیرہ نما العربیہ سے ان کا فاصلہ 350 کم بتایا جاتا ہے۔