افغانستان ، غیر ملکی افواج کے فضائی حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 30 عرب جنگجوؤں سمیت76 طالبان ہلاک، 17زخمی ہوگئے ،طالبان کے حملوں میں 8 افغان فوجی بھی مارے گئے

جمعرات 11 جون 2015 16:11

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) افغانستان میں غیر ملکی افواج کے فضائی حملے اور سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 30 عرب سمیت76 طالبان جنگجو ہلاک اور 17زخمی ہوگئے ،طالبان کے حملوں میں 8 افغان فوجی بھی مارے گئے ۔جمعرات کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا میں غیر ملکی افواج کے فضائی حملوں میں 30 عرب جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی حکام کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ضلع خوشامد میں غیر ملکی افواج کے فضائی حملے میں بارودی سرنگیں بنانے کے ماہر 30عرب جنگجو مارے گئے ۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ ضلع یوسف خیل میں ایک اور غیر ملکی افواج کے فضائی حملے میں 2 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے دو بڑے حملوں کوناکام بنادیا اس دوران 13 طالبان جنگجو مارے گئے ۔

(جاری ہے)

صوبائی پولیس ہیڈکوارٹر کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال کاکہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے ضلع حیسارک میں متعدد چیک پوسٹوں پر حملے کیے ہیں۔

سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں 13 حملہ آور ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ۔ترجمان نے مزید بتایاکہ کاروائی کے دوران چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے ۔عسکریت پسندوں نے مشرقی صوبہ کنٹر کے ضلع سرکانو میں بھی سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملے کیے ہیں۔صوبائی پولیس چیف عبدالحبیب سیدخیل نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔کاروائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوگیا جبکہ تین کو گرفتار کرلیا گیا۔دوسری جانب افغان نیشنل آرمی کے آپریشن میں 33 طالبان جنگجو ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے جبکہ 8 افغان فوجی بھی مارے گئے ۔

متعلقہ عنوان :