لیبیا میں تمام فریق شراکت اقتدار کے معاہدے کو تسلیم کریں، اقوام متحدہ

جمعرات 11 جون 2015 16:14

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء )اقوام متحدہ اور بڑی عالمی طاقتوں نے لیبیا میں حریف فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ شراکت اقتدار کے معاہدے کو قبول کرتے ہوئے چار سال سے جاری لڑائی، دہشت گردی اور سیاسی انتشار کو ختم کریں۔عالمی میڈیا کے مطابق جرمنی کے شہر برلن میں اقوام متحدہ کے سفارتکاروں اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہونے والے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ لیبیا کے مسئلے کا واحد پائیدار حل تمام سیاسی فریقوں کی شمولیت میں مضمر ہے۔

انھوں نے تمام لیبیائی فریقوں پر زور دیا کہ وہ معاہدے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کریں۔لیبیا سے تعلق رکھنے والے 20 سے زائد نمائندے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے سفارتکار برلن میں ہونے والی بات چیت میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یورپی یونین، اٹلی، اسپین اور لیبیا کے شمالی افریقی پڑوسی ممالک کے مندوب میں یہاں موجود تھے۔

لیبیا میں ایک طویل عرصے تک حکمران رہنے والے معمر قذافی کے 2011ء میں اقتدار کے خاتمے کے بعد سے یہ ملک بدامنی اور انتشار کا شکار چلا آرہا ہے۔مذہبی انتہا پسندوں نے دارالحکومت طرابلس پر گزشتہ سال قبضہ کر کے ایک حریف حکومت قائم کر لی تھی جس کی وجہ سے بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کو ملک کے مشرقی حصے میں منتقل ہونا پڑا۔شدت پسند گروپ داعش نے بھی اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں بعض علاقوں پر قبضہ کر لیا۔