ملک میں آئین کتاب کی صورت میں تو ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا،الطاف حسین

جمعرات 11 جون 2015 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کتاب کی صورت میں تو ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا ہے ۔آئین پر عملدرآمد ہونے کے بعد ہی پاکستان میں امن قائم ہوسکے گا ۔پاکستان بھر میں مہاجروں کے لیے زمین تنگ کردی گئی ہے ۔نوجوان سن لیں میرے بعد آپ کو تاریخ کے حقائق بتانے والا کوئی نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنان سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔الطاف حسین نے کہا کہ آج جو کچھ میں بتاتا ہوں اسے محفوظ کرلیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو بتایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں مہاجروں کے لیے زمین تنگ کردی گئی ہے ۔ مہاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے کئی کار کنوں کو ناحق قتل اور سیکڑوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں خیبرپختونخوا میں گولیاں چلائی گئیں ،خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کئی جانیں ضائع اور درجنوں افراد زخمی ہوئے، اتنا کچھ ہونے کے باوجود کسی نے تنقید تک نہیں کی۔ وہاں کارروائی کیوں نہیں ہوئی ۔ الطاف حسین نے کہا کہ مہاجروں کے علاوہ ہر کسی کو اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے۔ وڈیروں اور جاگیرداروں نے گھروں میں اسلحہ سجا رکھا ہے اورکوئی پوچھنے والا نہیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ کارکن ہر حال میں پرامن رہیں اور کسی بھی ہاتھ نہ اٹھائیں ۔کرپشن ،فرقہ واریت سمیت تمام مسائل کا حل آئین پر مکمل عملدرآمد کی صورت میں ہی ممکن ہے ۔