آصف علی زرداری نے مقدمات کا سامنا کیا، ہم نے دھرنے میں حکومت کی مدد کی اور جمہوریت کے لئے دھاندلی زدہ الیکشن قبول کئے، حکومتی پالیسیوں میں تضادات ہیں، سینیٹر سعید غنی

جمعرات 11 جون 2015 19:00

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) سینیٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے مقدمات کا سامنا کیا، ہم نے دھرنے میں حکومت کی مدد کی اور جمہوریت کے لئے دھاندلی زدہ الیکشن قبول کئے، حکومتی پالیسیوں میں تضادات ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا میں وفاقی بجٹ 2015-16ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اپنی تقریر میں الزامات لگائے ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے، آصف علی زرداری نے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کیا، وہ اکثر مقدمات میں بری ہوئے، 2008ء کے انتخابات میں آصف علی زرداری نے نواز شریف کو حصہ لینے پر آمادہ کیا، نواز شریف پر تیسری بار وزیراعظم بننے پر پابندی ختم کی، دھرنا ہوا تو حکومت کی مدد کی، دھاندلی زدہ الیکشن کے نتائج کو قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو ہمیں دہشت گردی، سیاسی عدم استحکام، توانائی کے بحران سمیت 7 مصیبتوں کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کا معاہدہ شفاف نہیں، بینکوں کے شیئر بیچے گئے، پٹرولیم کی قیمتیں کم ہونے سے حکومت کو بڑا ریلیف ملا، روپے کی قیمت میں کمی ہو گی، حکومت نے اسے روک رکھا ہے، حکومتی پالیسیوں میں تضادات ہیں۔