اعلیٰ سرکاری افسران ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کسی سیاسی وابستگی کے بغیر فرائض انجام دیں ٗ وزیر اعظم نواز شریف

سرکاری افسران کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کسی سیاسی تعصب کے بغیر کام کرنا چاہیے ٗملاقات میں گفتگو

جمعرات 11 جون 2015 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اعلیٰ سرکاری افسران ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کسی سیاسی وابستگی کے بغیر فرائض انجام دیتے ہوئے اپنے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ کریں ٗ سرکاری افسران کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کسی سیاسی تعصب کے بغیر کام کرنا چاہیے۔وہ گریڈ 22 میں ترقی پانے والے افسران کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے افسران میں مانک شیر ادریس (پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤٹس سروس)، نجیب اﷲ خان (پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤٹس سروس)، آصف علی (پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤٹس سروس)، شبیر احمد (پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤٹس سروس)، محمد خالد قریشی (پولیس سروس آف پاکستان)، احسن محبوب (پولیس سروس آف پاکستان)، فضاء مظفر (اِن لینڈ ریونیو سروس)، محمد اشرف خان (اِن لینڈ ریونیو سروس)، عبدالرحمان ڈوگر (اِن لینڈ ریونیو سروس)، سمیرا یاسین (اِن لینڈ ریونیو سروس)، لطف اﷲ ورک (پاکستان کسٹم سروس)، محمد جاوید انور (پاکستان ریلویز)، فقیر سید شہریار الدین (پوسٹل گروپ)، عبدالستار ججہ (سیکرٹریٹ گروپ)، راجہ نادر علی (ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس)، عذرا مجتبی ٰ(اِن لینڈ ریونیو سروس)، ملک اسرار حسین (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس)، سید افتخار حسین بابر (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس)، سید خالد اخلاق گیلانی (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس)، فضل عباس میکن (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس)، خضر حیات خان (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس)، ارشد مرزا (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس) اور عارفہ صبوحی (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے سیکرٹری جاوید اسلم اور سیکرٹریی اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے اعلیٰ سول افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ کریں اور باصلاحیت افسران کی ٹیم تشکیل دیں جو پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے کر جا سکے۔ وزیراعظم نے افسران کو ترقی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ وہ اپنے کم و بیش تین عشروں کے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے قوم کی خدمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ترقیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر شفافیت اور بہتر اسلوب حکمرانی کی حکومتی پالیسی کی روشنی میں کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری افسران کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کسی سیاسی تعصب کے بغیر کام کرنا چاہیے اور انکے امور کار میں ذاتی احساسات و جذبات کی عکاسی نہیں ہونی چاہیے، سینئر افسران کو چاہیے کہ وہ خود کو اپنے ماتحتوں کیلئے دیانتداری اور اعلی کارکردگی کے رول ماڈل کے طور پر پیش کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چھوٹے پیشہ وارانہ گروپوں کو بھی سول بیورو کریسی میں اعلی سطح پر نمائندگی دی گئی ہے تا کہ ان کے سروس کے امکانات بہتر اور انکا حوصلہ بلند ہو۔ وزیراعظم نے سول سروس اصلاحات کے حوالے سے افسران سے تجاویز بھی طلب کیں جن کا مقصد عوام کیلئے بہترین خدمات کی فراہمی، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور بدعنوانی، کاہلی اور غلط کاموں میں ملوث ہونے والوں کو سزا دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی نوعیت کے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی اور گزشتہ دو برسوں کے دوران کوئی ایک بھی ایسی مثال نہیں جس میں کسی افسر کا اس بنیاد پر تبادلہ کیا گیا ہو۔

متعلقہ عنوان :