کراچی، پاکستان کو دولخت کرنے کا بھارتی اعتراف اور حملے کی دھمکیاں کھلی دہشت گردی ہے،ڈاکٹرمزمل اقبال ہاشمی

جمعرات 11 جون 2015 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دولخت کرنے کا بھارتی اعتراف اور حملے کی دھمکیاں کھلی دہشت گردی ہے۔ بھارت شروع دن سے پاکستان کے وجود کو برداشت کرنے پر تیار نہیں ہے۔ نریندر مودی اور ان کی کابینہ حواس باختہ ہوچکی ہے۔ بھارت جان لے یہ 71ء والا دور نہیں ہے، پاکستان بھرپور جواب دینا جانتا ہے۔

بھارتی دھمکیوں کے خلاف آج ملک بھر کی طرح کراچی پریس کلب کے باہر بھی بعد نماز جمعہ بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جبکہ شہر بھر کی مساجد میں بھارتی دہشت گردی کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ضلعی، تحصیلی و شعبہ جاتی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں شہر بھر سے جماعۃ الدعوۃ کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ گجرات کا قصائی نریندر مودی اول روز سے پاکستان دشمنی میں پیش پیش ہیں۔ بھارتی وزرا کا پاکستان کو دھمکیاں دینا کھلی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ پاکستان توڑنے کے اعتراف پر بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ آج جمعہ کو ملک بھر میں بھارتی دھمکیوں کے خلاف یوم احتجاج منا رہی ہے۔

صوبائی دارلحکومت کراچی میں بھی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ جس میں دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شرکت و خطاب کریں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کے لیے علماء و خطباء کرام بھی خطبات جمعہ میں اس پر خصوصی روشنی ڈالیں۔ جماعۃ الدعوۃ رائے عامہ کی ہمواری کے لیے ہر سطح پر بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے آج بعد نماز جمعہ کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اہالیان کراچی سے شرکت کی پرزور اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :