پنجاب حکومت رواں مالی سال میں موٹر وہیکل، تفریحی، ایجوکیشن سیس اور فارم ہاسز کا ٹیکس اہداف حاصل نہ کر سکی

پراپرٹی ٹیکس ،ایکسائز ڈیوٹی ،، کاٹن فیس ،لگژری گھروں پر عائد ٹیکس کی آمدنی میں اضافہ ہوا ‘نجی ٹی وی کی رپورٹ

جمعرات 11 جون 2015 20:56

ؒلاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پنجاب حکومت رواں مالی سال میں موٹر وہیکل، تفریحی، ایجوکیشن سیس اور فارم ہاسز کا ٹیکس اہداف حاصل نہ کر سکی، پراپرٹی ٹیکس ،ایکسائز ڈیوٹی ،، کاٹن فیس ،لگژری گھروں پر عائد ٹیکس کی آمدنی میں اضافہ ہوا ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بڑے کلبوں پر ایجوکیشن سیس کی آمدنی میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 34فیصد کمی ہوئی۔

گزشتہ برس کے نو ماہ میں ایک کروڑ 46لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی تھی جو اب صرف 96لاکھ روپے رہی۔ فارم ہاؤسز پر ٹیکس آمدنی 11فیصد کمی سے 47لاکھ سے کم ہو کر 42لاکھ روپے رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں موٹر وہیکل ٹیکس آمدنی گزشتہ برس کے مقابلے میں دو فیصد کمی سے سات ارب 32کروڑ سے کم ہو کر سات ارب 21کروڑ رہی۔ تفریحی ڈیوٹی کی آمدنی آٹھ فیصد کمی سے پانچ کروڑ 62لاکھ سے کم ہو کر پانچ کروڑ 16لاکھ روپے تک رہی۔

(جاری ہے)

پراپرٹی ٹیکس کی آمدنی 32فیصد اضافے سے چار ارب 51کروڑ سے بڑھ کر 5ارب 94کروڑ روپے رہی۔ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں پنجاب کی ٹیکس آمدنی 13فیصد اضافے سے ایک ارب 12کروڑ سے بڑھ کر ایک ارب 27کروڑ روپے ہو گئی۔ کاٹن فیس کی آمدنی 15فیصد اضافے سے 40کروڑ روپے سے بڑھ کر 46کروڑ روپے رہی ۔ رواں برس کے پہلے نو ماہ میں لگژری گھروں پر عائد ٹیکس سے چار کروڑ 40لاکھ اور ہوٹل ٹیکس سے تین کروڑ 12لاکھ روپے جمع کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر گزشتہ برس کے مقابلے میں ٹیکس آمدنی 12 فیصد اضافے سے 13ارب 87کروڑ سے بڑھ کر 15ارب 48کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 30جون تک 22ارب 80کروڑ روپے ٹیکس آمدنی کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :