ڈاکٹر سید وسیم اختر نے سولرانرجی پلانٹ کی رائلٹی چولستان کے عوام کودینے کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جمعرات 11 جون 2015 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے بہاولپورسولر انرجی پلانٹ کی رائلٹی چولستان کے عوام کودینے کے حوالے سے قراردادپنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کرائی جانے والی قرارداد میں کہاگیا ہے کہ ’’یہ ایوان چولستان بہاولپور میں سولر انرجی پلانٹ کی پیداوار کے آغا ز پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے نیز یہ مطالبہ کرتا ہے کہ پلانٹ پر (i) ملازمتیں بہاولپور کے لوگوں کو دی جائیں ۔

( i i) بہا و لپور کو بجلی کی سپلائی میں ترجیح دی جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہوسکے۔ (iii)بہاولپور / چولستان کو اس کی رائلٹی دی جائے‘‘۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سید وسیم اخترنے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ بہاولپوراورچولستان کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں انہیں کسی قسم کاکوئی ریلیف میسرنہیں۔

(جاری ہے)

سولر انرجی پلانٹ بہاولپورکی رائلٹی دینے سے مقامی لوگوں کوفائدہ اور ان کے معیارزندگی بہتری آئے گی۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقیاتی بجٹ کارخ صرف ایک مخصوص شہر کی بجائے جنوبی پنجاب کی طرف بھی موڑا جائے۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بھی ان کاجائز آئینی وقانونی حق دیاجاناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں مزیدقومی سطح کے منصوبے شروع کئے جانے چاہئیں تاکہ علاقے کے عوام کو ان کازیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔اگر حکومت جنوبی پنجاب کوالگ صوبہ بنانے کے ساتھ ساتھ بہاولپور کی صوبائی حیثیت کوبحال کردیتی ہے تووہاں کے عوام کو اپنے مسائل کی شنوائی کے لئے لاہور کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔