خواتین کو جو حقوق اسلام نے دئیے ہیں وہ کسی اور دین نے نہیں دئیے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

دہشگردی، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے خواتین کا کردار اہم ہے،بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات خطے کا امن تباہ کرنے کی کو شش ہے پاکستان کی عسکری قیادت کادوٹوک پیغام پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے، خواتین اجتماع سے خطاب

جمعرات 11 جون 2015 21:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) خواتین کو جو حقوق اسلام نے دئیے ہیں وہ کسی اور دین نے نہیں دئیے۔ دہشگردی، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے خواتین کا کردار اہم ہے۔بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات خطے کا امن تباہ کرنے کی کو شش ہے۔پاکستان کی عسکری قیادت کادوٹوک پیغام پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام ’’خواتین اجتماع ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام مردوں سے زیادہ خواتین کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے۔معاشرے کی اصلاح اور بہتری کیلئے خواتین کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

معاشرتی رسموں اور جاہلانہ ذہنیت سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماؤں نے اپنے بچوں کو حب الوطنی اور ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے قربان ہونے کا درس دیا ہے۔

پاکستان کے دفاع کیلئے جان قربان کرنے والے نوجوانوں کی شہادت پر ان کی مائیں فخر کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں انتہا پسندی اور دہشتگردی کو فروغ دینے سے باز رہے ۔ بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات کا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔نریندر مودی کو یہ یادرکھنا چاہئے کہ وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ ہندوستان کے وزیر اعظم ہیں۔

نریندر مودی کے بیانات ہندوستان کو کمزور کررہے ہیں۔ حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ کو بھارتی وزیر اعظم اور وزراء کے بیانات کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا آج(جمعہ12جون) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے ’’یوم یکجہتی مسلمانان برما‘‘ کے طور پر منایا جائے گا اور پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے تحت ملک بھر کی 78ہزار مساجد میں بھارتی بیانات کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی جائیں گی۔

اس موقع پر مولانا محمد مشتاق لاہوری،قاری محمد زبیر ،مولانا عبد القیوم ،مولانا اسلم قادری،قاری محمد طاہر،قاری محمد سلیمان ،مولانا محمد طارق ،رانا محمد حسین ودیگر بھی موجود تھے۔