`فوجی قیادت کا اعلان قوم کی آواز ، برما کے مسلمانوں کو زمین دی جائے‘ شجاعت حسین

بھارتی دھمکیوں پر سیاسی قیادت نے مایوس کیا، وزیراعظم کی خاموشی معنی خیز اور قابل افسوس ہے: صدر گلوبل روہنگیا سنٹر اور مشاہد حسین کے ہمراہ میڈیا کانفرنس `

جمعرات 11 جون 2015 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں کے متعلق حقیقت پسندانہ رویہ اپنایا جائے، پاکستان کو بھارتی دھمکیوں اور سلامتی کے خلاف بیانات پر پاکستان کی سیاسی قیادت کے رویہ نے مایوس کیا جبکہ فوجی قیادت کا اعلان قوم کی آواز ہے۔ وہ صدر گلوبل روہنگیا سنٹر شیخ عبد اﷲ معروف کی قیادت میں و فد سے ملاقات کے بعد اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وفد کے ارکان طیب الجمال، نعیم السعد اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید شامل تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ برما کے متاثرہ روہنگیا مسلمان نہ زمین پر ہیں نہ آسمان پر، کھلے سمندر میں ہزاروں مسلمان امت مسلمہ کی مدد کے منتظر ہیں، لاکھوں ڈالر کی امداد کا اعلان ان کے دکھوں کا ازالہ نہیں ہو سکتا، انہیں پاؤں رکھنے کیلئے زمین دی جائے اس کے بعد ہی کوئی امداد ان کیلئے کارگر ہو سکتی ہے اور امت مسلمہ بھی ان کی عملی طور پر مدد کر سکے گی اور یہ مدد ان کیلئے سود مند بھی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پاکستان 30لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر چکا ہے، انسانیت دوستی کا تقاضا یہی ہے کہ امداد کا وہی طریقہ اپنایا جائے جو کہ حقیقی معنوں میں مؤثر ہو۔ چودھری شجاعت حسین نے ہندوستان کی قیادت کے پاکستانی کی سلامتی کے خلاف بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی قابل تشویش اور قابل افسوس بات ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت ہندوستان کی پاکستان دشمنی کا مؤثر طور پر جواب نہیں دے سکی، وزیراعظم کی خاموشی بھی معنی خیز اور قابل افسوس ہے، جمہوریت کا راگ الاپنے والے آج کیوں خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوجی قیادت نے ہندوستان کی سیاسی قیادت کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستانی افواج کی موجودگی میں پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا، سیاسی قیادت کے رویہ سے قوم کو مایوسی ہوئی جبکہ فوجی قیادت نے عوامی توقعات کے مطابق مؤقف اپنا کر قوم کے جذبات کی صحیح ترجمانی کی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایک سوال پر مستقبل قریب میں پاکستانی صحافیوں کو روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار سے آگاہ کرنے کیلئے صحافتی دورے کا اہتمام کرانے کا بھی اعادہ کیا۔ جی آر سی کے صدر شیخ عبد اﷲ معروف نے مسلم لیگی اعلیٰ قیادت کی جانب سے عملی تعاون فراہم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔`

متعلقہ عنوان :