`قطر ایئرویز اپنے سلوگن ـــــ’ون ورلڈ‘ کے تحت پاکستان کے 3شہروں سے بھی عالمی پروازوں کا سلسلہ شروع کررہی ہے ، احاب اے سوریل

اس سے نہ صرف بزنس کمیونٹی کو سفر کی فائیو سٹار سہولتیں مل سکیں گی بلکہ ان شہروں کے تجارتی حجم کو بڑھانے کی راہ بھی ہموار کی جا سکے ، نائب صدر برائے انڈین ریجن `

جمعرات 11 جون 2015 23:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) قطر ایئرویز کے نائب صدر برائے انڈین ریجن احاب اے سوریل نے کہا ہے کہ قطر ایئرویز اپنے سلوگن ـــــ’ون ورلڈ‘ کے تحت دنیا کو یکجا کرنے کیلئے پاکستان کے 3شہروں سے بھی بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع کررہی ہے جس سے نہ صرف بزنس کمیونٹی کو سفر کی فائیو سٹار سہولتیں مل سکیں گی بلکہ عالمی تجارت میں ان شہروں کے تجارتی حجم کو بڑھانے کی راہ بھی ہموار کی جا سکے گی۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء کے مطابق یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس ملاقات میں 17جولائی سے فیصل آباد سے قطر ایئر ویز کی بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر ایئر ویز اپنے آپریشن کے ذریعے فیصل آباد کو دنیا کے 149شہروں سے منسلک کرے گا۔

انہوں نے ان پروازوں سے عالمی رابطوں اور ابتدائی طور پر رعائتی کرایوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا او ر اس پرواز کیلئے ایک ماہ تک رعائتی کرایہ دینے اور دوہا کیلئے ایک دن کے خصوصی ٹرپ کی بھی تجویز دی۔ کنٹری مینجر شریف کمال اسماعیل نے کہا کہ وہ فیصل آباد کی تاجراور صنعتکار برادری کو بین الاقوامی فضائی رابطوں کے حوالے سے دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں پریذینٹیشن دینگے۔

انہوں نے چیمبر کے صدر سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں انہیں100سے200 تاجروں کی فہرست دیں جن کو اس تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تقریب چیمبر کی مشاورت سے پی سی یا سرینا میں منعقد ہوگی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے فیصل آبادسے بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے پر قطر ایئر ویز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان پروازوں سے جہاں فیصل آباد کی تاجر برادری کو براہ راست فضائی سفر کی سہولتیں ملیں گی وہاں قطر ایئر ویز کو بڑی تعداد میں فضائی مسافر بھی مل سکیں گے انہوں نے کہا کہ چیمبر رضاکارانہ طور پر قطر ایئر ویز کے برانڈ ایمبیسڈر کے طور پر کام کرے گا اور اسکی افتتاحی تقریب میں بھر پور حصہ لے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتہ میں قطر ایئر ویز کی تین پروازیں ہونگی جبکہ صبح 9:30بجے پرواز کے وقت نے یہاں کے تاجروں کیلئے کافی آسانی پیدا کردی ہے۔ تقریب سے قطر ایئر ویز کے مسٹر بابر نے بھی بعض نکات کی وضاحت کی جبکہ سوال و جواب کی نششت میں نائب صدر انعام افضل ، عبدالقیوم شیخ، احتشام جاوید ، میاں سعید، اور ظفر اقبال سرور نے حصہ لیا۔ آخر میں صدر انجینئر رضوان اشرف نے مسٹر احاب اے سوریل کو چیمبر کی خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔ اس تقریب میں سینئر نائب صدر ندیم اﷲ والا اور دیگر ممبران بھی موجود تھے `

متعلقہ عنوان :