کراچی کے حالات پرویز مشرف دور میں خراب ہوئے‘ رپورٹ میں جن جرائم کا ذکر کیا گیا وہ 15سے 20سال پرانے ہیں‘ نیب کے کیسز وزیراعظم پر بھی تھے جو ختم کروائے گئے، ایسا کیوں ہوا، صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کا نجی ٹی پروگرام میں اظہار خیال

جمعرات 11 جون 2015 23:33

کراچی کے حالات پرویز مشرف دور میں خراب ہوئے‘ رپورٹ میں جن جرائم کا ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جون۔2015ء) صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایپکس کمیٹی بریفنگ کا سارا ملبہ سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے حالات پرویز مشرف دور میں خراب ہوئے، رپورٹ میں جن جرائم کا ذکر کیا گیا وہ 15سے 20سال پرانے ہیں، نیب کے کیسز وزیراعظم پر بھی تھے جو ختم کروائے گئے، ایسا کیوں ہوا۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی رپورٹ میں جتنے بھی جرائم کا ذکر کیا گیا ہے وہ چاہے بھتہ خوری کے ہوں یا مافیا کے سب 15سے 20سال پہلے سے چل رہے ہیں، اس وقت پرویز مشرف کی حکومت تھی اور اس نے ان لوگوں کو چھوٹ دے رکھی تھی۔ انہوں نیکہا کہ میں نے خود رینجرز کے ساتھ جا کر غیر قانونی شادی ہالز گروائے اور کارپارکنگ ختم کروائیں، یہ سب مشرف دور میں قائم ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہا کہ ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ سے متعلق قانون سازی کی گئی ہے، پیٹرول لانے اور سیل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی جرائم پیشہ عناصر کی مدد نہیں کی جائے گی۔ انہوں نیکہا کہ نیب کے کیسز تو وزیراعظم نواز شریف پر بھی تھے جو ختم کروالئے آخر نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف قائم نیب کیسز ان کے اپنے ہی دور میں ختم کیوں ہوتے ہیں۔