آزادی کی منزل قریب ہے، بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے جدو جہد جاری رہے گی، اسماعیل ھنیہ

جمعہ 12 جون 2015 13:14

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ آزادی کی منزل قریب تر ہے، بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہماری جدو جہد جاری رہے گی اور شہداء کا خوان جلد رنگ لائیگا۔اسماعیل ھنیہ نے یہ بات گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے حماس کارکن عزالدین بنی غرہ کے اہل خانہ سے ٹیلیفون گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم شہداء اور غازیوں کی قوم ہے جہاں ہرگھرمیں شہداء کے ورثاء ہیں۔ فلسطینی شہیدوں کا لہو رنگ لائیگا۔ بیت المقدس اور وطن کی آزادی کیلئے ہمارا سفر جاری رہیگا۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ مغربی کنارے کے شہریوں کا خون ہمارا خون اور ان کے شہید ہمارے شہید ہیں۔قبل ازیں اسماعیل ھنیہ نے غزہ کی پٹی میں سابق فلسطینی اسیر سامی یونس کی وفات کے بعد لگائے گئے تعزیتی کیمپ میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یونس نے 28 سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹی اور ان کے پائے استقلال میں لغزش نہیں آئی۔