نیویارک ‘ دہشتگردی کے الزام میں دو پاکستانی نژاد بھائیوں کو قید کی سزا سنا دی گئی

جمعہ 12 جون 2015 14:21

میامی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) نیویارک کی ایک عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں 2 پاکستانی نژاد بھائیوں کو قید کی سزا سنا دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 22 سالہ رئیس عالم قاضی اور 32 سالہ شہریار قاضی نامی 2 پاکستانی نژاد امریکی بھائیوں پر نیویارک میں بم دھماکوں کی سازش کا الزام ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق رئیس عالم قاضی نے انٹرنیٹ پر کرسمس ٹری لائٹس اور کیمیکلز کی مدد سے بم بنانے کے طریقہ کار سے متعلق تحقیق کی ‘شہریار عالم قاضی نے اپنے بھائی کو مالی معاونت فراہم کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے رئیس قاضی کو 35 اور شہر یار قاضی کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔انتظامیہ کے مطابق فلوریڈا کے رہائشی دونوں بھائیوں کو نومبر 2012 میں اْس وقت گرفتار کیا گیا جب رئیس ایک ٹارگٹ اسکاوٴٹنگ مشن میں شرکت کے بعد بس کے ذریعے نیویارک واپس آیا دونوں بھائیوں نے رواں برس مارچ میں اعتراف جرم کیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان حراست کے دوران دو امریکی ڈپٹی مارشلز پرحملے میں بھی ملوث ہیں اس موقع پر دونوں ملزمان نے اپنے دفاع میں ایک لفظ نہیں کہا ‘ ان کے وکیل نے بھی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔