وزیر اعلیٰ شہبا ز شریف کل دو روزہ ٹیوٹا سکلز ایکسپو 2015کا افتتاح کرینگے

جمعہ 12 جون 2015 16:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف کل (بروزہفتہ) دو روزہ ٹیوٹا سکلز ایکسپو 2015کا افتتاح کرینگے۔اس ایکسپو کے انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں۔ٹیوٹا کے ٹیکنیکل ،ووکیشنل اداروں اورسروس سینٹرز میں زیر تربیت افرادی قوت کے پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھ دئیے گئے ہیں جو انکی ہنر مندی کی عکاسی کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روز (جمعہ)ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ٹیوٹا سکلز ایکسپو کے انتظاما ت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجر عبدالقیوم، حامد غنی انجم،انجینئر اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ دوروزہ سکلز ایکسپو جوہر ٹاؤن ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جا رہاہے۔

اس کے انعقاد کا مقصد طلبا ء و طالبات کی فنی مہارت کو اجاگر کرنا ہے۔نمائش میں مشہور کمپنیوں نے بھی اپنے سٹال لگا لئے ہیں۔طلباء کی کثیر تعداد کے علاوہ سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور نجی شعبے سے معززین کو بھی مدعو کیا کیا گیا ہے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا اپنے فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔ نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ہیومن ریسوس کے ہیڈز ٹیوٹا ہنر مند وں کا موقع پر انٹرویو کر کے ان کا انتخاب کیا جائے گا۔ نمائش میں زیر تربیت ہنر مندوں کے بنائے گئے پراجیکٹس کو کاروباری طبقہ‘عوام اور خصوصی طور پر عام طالبعلموں کو ایک چھت تلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :