آئین کو منسوخ کرنے سے متعلق حمید گل کا بیان آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی دعوت ہے، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی

جمعہ 12 جون 2015 17:21

اسلام آباد ۔ 12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ کچھ دنوں سے آئین، پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پارلیمان اس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں ایوان بالا میں سینیٹر عثمان کاکڑ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں ریمارکس دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین کو منسوخ کرنے سے متعلق لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کا بیان آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور یہ جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی دعوت ہے لیکن انہوں نے جن کے لئے یہ کہا ہے کہ وہ جمہوری عمل کو ڈی ریل نہیں کریں گے کیونکہ وہ اپنی ذمہ داری کو بخوبی جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات نامناسب ہیں اور کچھ دنوں سے پارلیمنٹ، آئین اور جمہوری نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ درست ہے کہ ہر کسی کو اظہار رائے کی آزادی ہے لیکن اس آزادی کو غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ حکومت کو لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کے اس بیان کا نوٹس لینا چاہیے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ حمید گل سستی شہرت کے لئے ایسے بیانات دے رہے ہیں، پارلیمنٹ کو آئین کی بالادستی کے لئے قرارداد منظور کرنی چاہیے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ حمید گل کافی عرصے سے اس طرح کے بیانات دیتے آ رہے ہیں ان کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، اب اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کے بیان کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے تاہم میڈیا کے جو ادارے اس کی تشہیر کر رہے ہیں اس کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ حمید گل نے جو بیان دیا ہے اس پر ان کے خلاف کارروائی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :